پشاور ۔ خیبر پختونخوا میں صحت کارڈ سے 11ماہ میں 10 لاکھ سے زائد افراد کا مفت علاج کیا گیا، جس پر 31 ارب 66 کروڑ روپے سے زائد خرچ ہوئے دل کے علاج پر سب سے زیادہ 8 ارب 16 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔
اس سلسلے میں گزشتہ روز محکمہ صحت کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مہنگے اور پیچیدہ علاج پر 23 ارب روپے خرچ کئے گئے زیادہ تر رقم دل کینسر اور دیگر سنگین بیماریوں کے علاج پر خرچ ہوئی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ چار لاکھ افراد نے نسبتاً سادہ علاج سے فائدہ اٹھایا' سرکاری ہسپتالوں میں صحت کارڈ کے تحت سب سے زیادہ مریضوں کا علاج کیا گیا،
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں 6لاکھ 92 ہزار مریض داخل ہوئے مجھی ہسپتالوں میں 3لاکھ 33 ہزار افراد کا علاج ممکن ہوا۔ صحت کارڈ سے فائدہ اٹھانے والوں میں زیادہ تر خواتین کی تعداد ہے
صوبائی دارالحکومت پشاور میں صحت کارڈ کے تحت سب سے زیادہ مریضوں کا علاج ہوا۔ پشاور میں ایک لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوئے جن پر 3 ارب 32 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔ دور دراز اضلاع میں صحت کارڈ کے استعمال کی شرح کم رہی۔
محکمہ صحت کے مطابق صحت کارڈ غریب عوام کے لئے بڑی سہولت ہے۔