تفصیلات کی مطابق تحصیل درگئی کے علاقے پرانہ سخاکوٹ میں ایک انتہائی دلخراش واقعہ پیش آیا ہے۔ مقتول لطف الرحمن عرف نوشاد چند روز قبل پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئے تھے، جس پر ان کے بھائیوں نے تھانہ سخاکوٹ میں باقاعدہ رپورٹ درج کرائی تھی۔
واقعے کی تفتیش کے دوران ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر درگئی وحید اللہ کی سربراہی میں پوسٹ کمانڈر سیفور الرحمن اور لیویز اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ کی نشاندہی پر اس کے گھر کے صحن سے مقتول کی نعش برآمد کرلی۔ نعش کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے درگئی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
لیویز پولیس نے کارروائی کے دوران ملزمہ کو آلۂ قتل سمیت گرفتار کرلیا ہے، جبکہ واقعے سے متعلق مزید حیران کن انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔