حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
موسمِ بہار شجرکاری مہم کا آغاز، باجوڑ بھر میں چار لاکھ پودے لگانے کا ہدف Home / باجوڑ /

موسمِ بہار شجرکاری مہم کا آغاز، باجوڑ بھر میں چار لاکھ پودے لگانے کا ہدف

ایڈیٹر - 20/01/2026
موسمِ بہار شجرکاری مہم کا  آغاز، باجوڑ بھر میں چار لاکھ پودے لگانے کا ہدف

خیبرپختونخوا حکومت کے عوامی ایجنڈا کے تحت آج ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل باجوڑ شاہد رفیق گنڈاپور نے ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر باجوڑ محمد رشید کے ہمراہ موسمِ بہار شجرکاری مہم 2026 کا باضابطہ افتتاح کیا۔ شجرکاری مہم کے تحت رواں موسمِ بہار کے دوران ضلع بھر میں چار لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کا مقصد ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور سرسبز و شاداب باجوڑ کی تشکیل ہے۔

افتتاحی تقریب گورنر کاٹیج میں منعقد ہوئی، جہاں افسران نے مختلف اقسام کے پھلدار پودے لگائے گئے۔ اس موقع پر محکمہ جنگلات کے افسران و عملے نے بھی شرکت کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل باجوڑ نے درختوں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شجرکاری نہ صرف ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے میں معاون ہے بلکہ آنے والی نسلوں کو صحت مند اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کی ضامن بھی ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ عوامی شمولیت کو یقینی بنا کر اس شجرکاری مہم کو بھرپور انداز میں کامیاب بنایا جائے۔ بعد ازاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے شرکاء میں مختلف اقسام کے پودے تقسیم کیے اور عوام سے اپیل کی کہ شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اور ان کی حفاظت کو یقینی بنائیں تاکہ اس مہم کے دیرپا اور مثبت نتائج حاصل کیے جا سکیں۔