باجوڑ: ضلع بھر میں سود خوری کے ناسور کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن بدستور جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ڈی ایس پی جمال شاہ کی زیر قیادت تھانہ سالارزو پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے سود خوری میں ملوث مزید دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں طاہر شاہ ولد امین اور الیاس ولد علیم جان شامل ہیں، جو عوام سے غیر قانونی طور پر سود پر رقم فراہم کرنے میں ملوث پائے گئے۔ ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ڈی ایس پی جمال شاہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سود خوری جیسے سنگین جرم میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کو اس لعنت سے نجات دلانے کے لیے پولیس ہر ممکن اقدامات کرے گی۔
پولیس حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سود خوری یا دیگر غیر قانونی سرگرمیوں سے متعلق معلومات بلا خوف و خطر قریبی پولیس اسٹیشن یا ہیلپ لائن پر فراہم کریں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔