خیبرپختونخوا حکومت نے ذاتی نمبر پلیٹس کی نیلامی کے دوران سابق وزیراعظم نواز شریف اور صدر آصف علی زرداری سے منسوب 804 نمبر پلیٹ اور نمبر پلیٹس کی نیلامی روک دی ہے۔ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے مطابق اس کا مقصد بولی کی زیادہ سے زیادہ قیمت حاصل کرنا ہے۔
نشتر ہال پشاور میں صوبائی وزیر برائے ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول سید فخر جہاں کی زیر صدارت خصوصی نمبر پلیٹس کی نیلامی ہوئی جس میں سیاسی، قبائلی اور علاقائی شناخت پر مبنی انتخابی نمبر پلیٹس کی بولی میں دلچسپی خاصی نمایاں رہی
محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے حکام کا کہنا تھا کہ اگر ’804‘ نمبر پلیٹ مقامی طور پر نیلام کی جاتی تو اس کی قیمت کم ہوتی، اس لیے اسے آن لائن نیلامی کے لیے رکھا گیا ہے تاکہ قومی اور بین الاقوامی بولی لگانے والے زیادہ سے زیادہ قیمت ادا کریں۔ اسی طرح نواز شریف ون اور زرداری ون نمبر پلیٹس کی نیلامی بھی زیادہ سے زیادہ قیمت کے لیے آن لائن ہوگی۔
صوبائی حکومت نے سیاسی رہنماؤں اور قومی کرکٹرز کے ناموں والی نمبر پلیٹس کی بولی بھی فی الحال ملتوی کر دی ہے۔
پسند کی نمبر پلیٹوں کی نیلامی میں اب تک کی سب سے مہنگی نمبر پلیٹ “وزیر 1” 15 ملین روپے میں فروخت ہوئی جبکہ دوسری سب سے مہنگی نمبر پلیٹ “آفریدی 1” 14 ملین روپے میں تھی اور اسے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے خریدا۔ اسی طرح “خان 1” کی قیمت 11 ملین روپے رکھی گئی تھی اور اسے پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی نیک محمد خان نے خریدا تھا۔
خیبرپختونخوا حکومت کے مطابق یہ انوکھی نیلامی سرکاری خزانے کو خاطر خواہ ریونیو حاصل کرنے کے مقصد سے کی گئی ہے اور آن لائن نیلامی سے مختلف نمبر پلیٹس کی قیمتوں میں اضافہ ممکن ہو سکے گا۔ اس اقدام سے نہ صرف حکومتی محصولات میں اضافہ متوقع ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی دلچسپی بڑھنے کی توقع ہے۔