پشاور: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے صوبے میں موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کی منفرد نمبر پلیٹس حاصل کرنے والے افراد اور کمپنیوں کی تفصیلات طلب کر لیں۔
یہ اقدام ٹیکس ریکارڈ کی جانچ پڑتال اور کم ٹیکس جمع کرنے والے بڑے تاجروں کو ٹیکس نیٹ ورک میں لانے کے مقصد سے اٹھایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق محکمہ ایکسائز نے منفرد نمبر پلیٹس کی نیلامی کے ذریعے کروڑوں روپے کمائے ہیں جس میں ہر منفرد نمبر ایک کروڑ یا اس سے زائد میں فروخت ہوا۔
ایف بی آر نے اب ان مخصوص نمبرز کے مالکان کا ٹیکس ریکارڈ حاصل کرنے کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔ زیادہ تر مالکان کا تعلق بڑے تاجروں اور ٹیکس جمع کرنے والی کمپنیوں سے ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی محکموں نے اس حوالے سے محکمہ ایکسائز سے مختلف کمپنیوں کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا ہے تاکہ ٹیکسوں کے حوالے سے مکمل معلومات حاصل کی جا سکیں۔
اس اقدام سے صوبے کے ہزاروں افراد کو ٹیکس نیٹ ورک میں لانے کی امید ہے، کیونکہ کچھ بڑے تاجر اب تک کم ٹیکس وصول کر رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس مہم سے ٹیکس وصولیوں میں اضافہ ہوگا اور ٹیکس نیٹ ورک مزید مضبوط ہوگا۔
یاد رہے کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا کے زیراہتمام جمعہ کو پشاور میں ترجیحی نمبر پلیٹس کے حوالے کرنے کی شاندار تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب میں صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سید فخر جہاں نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ ڈائریکٹر جنرل ایکسائز عبدالحلیم خان، محکمہ کے ڈائریکٹرز، افسران اور نمبر پلیٹس کے مالکان بھی موجود تھے۔
اس موقع پر پشاور 1، ہری پور 1 اور درانی 1 نمبر پلیٹس کے مالکان نے اپنی پلیٹیں وصول کیں جبکہ وزیر 1 اور یوسفزئی 1 کی نمبر پلیٹیں بھی باضابطہ طور پر مالکان کے نمائندوں کے حوالے کی گئیں۔
صوبائی وزیر سید فخر جہاں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ نیلامی ریکارڈ سطح کی شفافیت اور عوام دوست نظام کی عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترجیحی نمبر پلیٹس کے ذریعے شہری قانونی اور محفوظ طریقے سے اپنی پسند کے نمبر حاصل کر سکتے ہیں جس سے نہ صرف سہولت میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ محکمہ ایکسائز کے نظام پر عوام کا اعتماد بھی مضبوط ہوتا ہے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ جاری اصلاحاتی اقدامات کے نتیجے میں محکمہ ایکسائز کی خدمات کو تیز رفتار، موثر اور شفاف بنایا جا رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ شہری ان نیلامیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ ترجیحی نمبر پلیٹس کی دوسری نیلامی بھی مستقبل میں کامیابی کے ساتھ منعقد کی جائے گی۔