حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
طویل جنگ مہنگی پڑ سکتی ہے، پینٹاگون کی ٹرمپ کو وارننگ، امریکی اسلحہ ذخائر پر دباؤ Home / بین الاقوامی /

طویل جنگ مہنگی پڑ سکتی ہے، پینٹاگون کی ٹرمپ کو وارننگ، امریکی اسلحہ ذخائر پر دباؤ

ایڈیٹر - 04/03/2026
طویل جنگ مہنگی پڑ سکتی ہے،  پینٹاگون کی ٹرمپ کو وارننگ، امریکی اسلحہ ذخائر پر  دباؤ

واشنگٹن: امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کے ساتھ جنگ طویل ہوئی تو امریکہ کو اسلحے اور گولہ بارود کی شدید کمی اور بھاری مالی اخراجات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

عرب نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ پینٹاگون ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر حملے مزید چند دن جاری رہے تو اہم دفاعی میزائلوں کے ذخائر خطرناک حد تک کم ہو سکتے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پہلے ہی اتحادی ممالک، خصوصاً یوکرین کو فوجی امداد فراہم کرنے کے یادگار اثرات امریکی ذخائر پر پڑ چکے ہیں۔ ایسے میں طویل جنگ دفاعی صلاحیت کو کمزور کر سکتی ہے۔

دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے انکشاف کیا ہے کہ ایران کی میزائل سازی کی رفتار امریکہ کے دفاعی نظام کی تیاری سے کہیں زیادہ ہے، جس سے مستقبل میں دفاعی چیلنجز بڑھ سکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ابتدائی 24 گھنٹوں میں ہی امریکہ کو سینکڑوں ملین ڈالرز کے اخراجات برداشت کرنا پڑے، جبکہ جدید ہتھیاروں اور دفاعی نظام کی دوبارہ تیاری بھی وقت اور سرمایہ مانگتی ہے۔

دوسری جانب صدر ٹرمپ کا مؤقف ہے کہ امریکی اسلحہ ذخائر کافی وسیع ہیں، تاہم عسکری ماہرین کے مطابق طویل جنگ کی صورت میں یہ برتری برقرار رکھنا مشکل ہو سکتا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر کشیدگی میں کمی نہ آئی تو نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر بھی اس کے سنگین سیاسی اور معاشی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔