حکومت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے رمضان ریلیف پیکیج 2026 کے تحت مستحقین کو رقم کی ادائیگی کے دوران درپیش مسائل کے حل کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں۔
محکمہ سماجی بہبود نے ہدایات کے مطابق ازالہ کمیٹی قائم کر دی ہے تاکہ شکایات اور تکنیکی مسائل کو فوری طور پر حل کیا جا سکے۔ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق اگر کسی مستحق شخص کے شناختی کارڈ یا موبائل نمبر کی تفصیلات غلط یا نامکمل ہیں تو وہ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر سے رابطہ کر سکتا ہے۔ تصدیق کے بعد کیس کو درست کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر کو بھیجا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ بلاک شدہ شناختی کارڈ کی صورت میں رقم کی ادائیگی ممکن نہیں ہوگی، ایسی رقم واپس ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کو منتقل کردی جائے گی۔
اسی طرح اگر بزرگ یا معذور افراد کو فنگر پرنٹ کے مسائل کا سامنا ہے تو وہ نادرا سے فنگر پرنٹ کے مسئلے کا سرٹیفکیٹ اور فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ حاصل کریں اور مقامی اسسٹنٹ کمشنر آفس سے رابطہ کریں۔ تصدیق کے بعد، رقم قریبی رشتہ دار کے نام منتقل کی جا سکتی ہے۔
اعلامیہ کے مطابق اگر مستحق شخص انتقال کر گیا ہے تو متعلقہ لواحقین ڈیتھ سرٹیفکیٹ اور درخواست اسسٹنٹ کمشنر آفس میں جمع کرائیں گے۔ ضروری تصدیق کے بعد، رقم نادرا کے ریکارڈ میں موجود فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کے مطابق رشتہ داروں کو ادا کی جائے گی۔
خیبرپختونخوا حکومت نے رمضان ریلیف پیکج سے مستفید ہونے والوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی مسئلے یا شکایت کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر آفس سے رجوع کریں تاکہ اس مسئلے کو بروقت حل کیا جا سکے۔