ضلع باجوڑ کی انتظامیہ نے سرکاری احکامات پر عمل درآمد کے لیے خار بازار میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مختلف شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس کارروائی کی قیادت ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ناوگئی ارشد کمال نے کی، جبکہ ان کے ہمراہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر خار اول محمد نثار، تحصیلدار خار حبیب الرحمن، محکمہ زراعت کے افسران اور مقامی پولیس بھی موجود تھی۔
بازار کے دورے کے دوران دکانوں میں سرکاری نرخناموں کی دستیابی اور مقررہ قیمتوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ بیکریوں کے کچن خصوصی طور پر چیک کیے گئے جہاں ناقص صفائی کی بنا پر ایک کچن کو سیل کر دیا گیا جبکہ دیگر کو جرمانے اور بہتری کے احکامات جاری کیے گئے۔ دکانداروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ ناجائز منافع خوری سے گریز کریں اور صفائی کے اصولوں پر سختی سے عمل کریں۔
ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 کے نفاذ کے پیش نظر آتش بازی کے سامان کی دکانوں کا بھی معائنہ کیا اور دکانداروں کو سختی سے پابندی پر عمل کرنے کی تنبیہ کی۔ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی، سامان ضبطی اور دکانیں سیل کرنے کی وارننگ دی گئی۔ محکمہ زراعت کی سفارش پر خار بازار میں تمام کھاد کی دکانیں تاحکم ثانی سیل کر دی گئیں تاکہ کھاد کی ترسیل کو مؤثر طریقے سے مانیٹر کیا جا سکے اور ذخیرہ اندوزی و غیر قانونی فروخت کا سدباب ممکن ہو۔
مزید برآں حجام کی دکانوں کا بھی معائنہ کیا گیا جہاں مالکان کو عید کے موقع پر زائد نرخ وصول کرنے سے باز رہنے کی ہدایت دی گئی۔ ضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ عوامی مفاد کے تحفظ، قیمتوں میں استحکام اور صحت و صفائی کے معیارات کو یقینی بنانے کے لیے اس نوعیت کی کارروائیاں باقاعدگی سے جاری رکھی جائیں گی۔