ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ محمد خالد نے عید کے موقع پر ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت احکامات جاری کر دیے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ڈی پی او نے ابابیل اسکواڈ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں دن رات مؤثر گشت کو یقینی بنائیں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی پر فوری کارروائی عمل میں لائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عید کے دوران ہوائی فائرنگ یا آتش بازی میں ملوث افراد کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔
پولیس ترجمان کے مطابق حساس مقامات پر سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے جبکہ مختلف علاقوں میں ناکہ بندیاں اور گشت میں اضافہ کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔
ضلعی پولیس نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ قانون کا احترام کریں اور عید کی خوشیوں کو محفوظ اور پُرامن انداز میں منائیں، بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔