حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
باجوڑ امن جرگہ کے قائدین کے ساتھ وزیر اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی ملاقات Home / باجوڑ /

باجوڑ امن جرگہ کے قائدین کے ساتھ وزیر اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی ملاقات

ایڈیٹر - 05/04/2026
باجوڑ امن جرگہ کے قائدین کے ساتھ  وزیر اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی ملاقات

ضلع باجوڑ  میں امن و استحکام کے قیام کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے قومی امن جرگہ کے قبائلی قائدین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر خطے کی سیکیورٹی صورتحال، امن کے قیام اور ترقیاتی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ نے قبائلی مشران کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن کے لیے ان کی جدوجہد قابل تحسین ہے اور انہوں نے دانشمندی سے مشکل حالات کو سنبھالا۔ ان کا کہنا تھا کہ پائیدار امن کے بغیر ترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکتا، اسی لیے صوبائی حکومت دیرپا استحکام کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

محمد سہیل آفریدی نے اس امر پر زور دیا کہ صوبائی اسمبلی کے فلور پر تمام سیاسی جماعتوں اور مکاتب فکر کے رہنماؤں نے متفقہ اعلامیہ پیش کیا ہے، جس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ فوجی آپریشن مسائل کا مستقل حل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی جنگوں نے نہ صرف انفراسٹرکچر اور اداروں کو نقصان پہنچایا بلکہ نوجوان نسل بھی شدید متاثر ہوئی، اور اب مزید ایسے حالات کے متحمل نہیں ہوا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت، عوام اور قبائلی قیادت امن و خوشحالی کے لیے ایک صفحے پر ہیں اور مشترکہ جدوجہد جاری رکھی جائے گی تاکہ ماضی جیسے حالات دوبارہ پیدا نہ ہوں۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ اگر تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں رہ کر پیشہ ورانہ فرائض انجام دیں تو نہ صرف مسائل کم ہوں گے بلکہ پائیدار امن بھی یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

ترقیاتی پہلوؤں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ ضم شدہ اضلاع کے لیے ایک ہزار ارب روپے کے خصوصی قبائل پیکج پر کام جاری ہے، جس کے تحت صحت اور تعلیم کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ان اقدامات کا مقصد نہ صرف بنیادی سہولیات کی فراہمی بلکہ خطے میں طویل المدتی استحکام کو یقینی بنانا ہے۔

مقامی مبصرین کے مطابق یہ ملاقات باجوڑ سمیت ضم اضلاع میں امن کے قیام اور اعتماد سازی کے عمل میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے۔