حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
آبنائے ہرمز پر ایران کے نئے قواعد نافذ، تجارتی جہازوں کو مشروط اجازت، جنگی جہازوں پر پابندی برقرار، پاسدارن انقلاب کا فيصله Home / بین الاقوامی /

آبنائے ہرمز پر ایران کے نئے قواعد نافذ، تجارتی جہازوں کو مشروط اجازت، جنگی جہازوں پر پابندی برقرار، پاسدارن انقلاب کا فيصله

ایڈیٹر - 18/04/2026
آبنائے ہرمز پر ایران کے نئے قواعد نافذ، تجارتی جہازوں کو مشروط اجازت، جنگی جہازوں پر پابندی برقرار، پاسدارن انقلاب کا فيصله

تہران: ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے آبنائے ہرمز میں بحری آمد و رفت کے لیے نئے ضوابط کے نفاذ کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس اہم گزرگاہ سے گزرنے والے تمام جہازوں کے لیے ایرانی نیوی سے پیشگی اجازت حاصل کرنا لازمی ہوگا۔

پاسدارانِ انقلاب کے مطابق بین الاقوامی بحری جہازوں کو ایران کی جانب سے مقرر کردہ مخصوص راستوں کی پابندی کرنا ہوگی، جبکہ غیر ملکی جنگی جہازوں کے داخلے پر سخت پابندیاں عائد رہیں گی۔

ایرانی بحریہ کے سربراہ رئیر ایڈمرل شہرام ایرانی نے اپنے بیان میں کہا کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں نے درحقیقت ایران کے بجائے اس کے اتحادیوں کو نقصان پہنچایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کے بیانات کو عالمی سطح پر سنجیدگی سے نہیں لیا جاتا۔

دوسری جانب ایران نے لبنان میں جنگ بندی کے بعد آبنائے ہرمز کو تجارتی سرگرمیوں کے لیے کھولنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ جنگ بندی کے دوران تمام تجارتی جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت ہوگی۔

انہوں نے وضاحت کی کہ یہ آمد و رفت ایران کی پورٹس اینڈ میری ٹائم آرگنائزیشن کی جانب سے پہلے سے طے شدہ مربوط بحری راستوں کے مطابق ہوگی، جو اسلامی جمہوریہ ایران کے زیر انتظام کام کرتی ہے۔

ایرانی حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد خطے میں بحری سلامتی کو یقینی بنانا اور بین الاقوامی تجارتی سرگرمیوں کو منظم انداز میں جاری رکھنا ہے۔