حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
بارشوں اور کارروائیوں سے متاثرہ گھروں کا فوری سروے شروع کرنے کا فیصلہ، ڈی سی باجوڑ کی ہدایات جاری Home / باجوڑ /

بارشوں اور کارروائیوں سے متاثرہ گھروں کا فوری سروے شروع کرنے کا فیصلہ، ڈی سی باجوڑ کی ہدایات جاری

ایڈیٹر - 21/04/2026
بارشوں اور کارروائیوں سے متاثرہ گھروں کا فوری سروے شروع کرنے کا فیصلہ، ڈی سی باجوڑ کی ہدایات جاری

خار : ضلع باجوڑ میں حالیہ بارشوں اور ٹارگٹڈ کارروائیوں کے باعث متاثر ہونے والے گھروں کے نقصانات کا شفاف اور جامع سروے شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی خان کی سربراہی میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد رفیق گنڈاپور، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف اشرف الدین، اسسٹنٹ کمشنر خار عامر اللہ خان وزیر، پولیس حکام اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر باجوڑ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت دی کہ ضلع بھر میں کل سے نقصانات کا سروے فوری طور پر شروع کیا جائے تاکہ متاثرہ خاندانوں کی درست نشاندہی ممکن بنائی جا سکے اور انہیں بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ سروے کا عمل مکمل شفافیت، غیر جانبداری اور میرٹ کی بنیاد پر انجام دیا جائے تاکہ حقیقی متاثرین کو ان کا حق مل سکے۔

اجلاس میں مختلف محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری پر بھی زور دیا گیا، جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی کہ روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت رپورٹس ضلعی انتظامیہ کو ارسال کی جائیں تاکہ امدادی سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی ممکن ہو سکے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق سروے مکمل ہونے کے بعد نقصانات کا تخمینہ لگا کر متاثرین کی مدد کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔