ماسکو: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے روس کے شہر سینٹ پیٹرز برگ میں صدر ولادیمیر پیوٹن سے اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور جاری کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
روسی میڈیا کے مطابق صدر پیوٹن نے کہا کہ انہیں ایران کے سپریم لیڈر کا خصوصی پیغام موصول ہوا ہے۔ انہوں نے عباس عراقچی سے کہا کہ وہ ایرانی قیادت تک ان کی نیک تمنائیں پہنچائیں۔
صدر پیوٹن نے اس موقع پر کہا کہ روس امید رکھتا ہے کہ ایرانی عوام موجودہ مشکلات سے کامیابی سے نکلیں گے اور خطے میں امن و استحکام بحال ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ روس ایران اور خطے کے دیگر ممالک کے مفادات کے تحفظ کے لیے ممکنہ کردار ادا کرے گا۔
روسی صدر نے مزید کہا کہ ماسکو تہران کے ساتھ اپنے اسٹریٹجک تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کا خواہاں ہے اور باہمی تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ ایران اور روس کے تعلقات مضبوط اسٹریٹجک شراکت داری پر قائم ہیں، جو وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔
انہوں نے ایران کے مؤقف کی حمایت پر روسی قیادت اور صدر پیوٹن کا شکریہ بھی ادا کیا۔
یاد رہے کہ عباس عراقچی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران روس پہنچے ہیں، جہاں ایران اور امریکا کے درمیان تناؤ میں کمی کے لیے سفارتی رابطے جاری ہیں۔