ماسکو: روس نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کم کرنے کے لیے ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تنازع کے حل اور مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے قیام کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
روسی خبر ایجنسی کے مطابق کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ماسکو ہر صورت مذاکرات کے تسلسل اور جنگ بندی برقرار رہنے کا حامی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوبارہ عسکری تصادم کی طرف جانا کسی کے مفاد میں نہیں، نہ یہ ایران کے لیے بہتر ہوگا اور نہ ہی عالمی معیشت کے لیے سودمند ثابت ہوگا۔
پیسکوف کا کہنا تھا کہ روس اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لائے گا تاکہ ایسا پائیدار امن قائم ہو جو مستقبل میں دوبارہ جنگ کے امکانات کو ختم کر دے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایران سے متعلق ممکنہ مذاکرات روس میں کرانے کا معاملہ آسان نہیں اور اس پر مزید غور و خوض کی ضرورت ہے، کیونکہ مختلف فریقین کی آرا مختلف ہو سکتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی عملی تجویز سے قبل تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لینا ضروری ہوگا۔