اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کے تینوں پلے آف میچز کے لیے شائقین کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دے دی ہے۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ وزیراعظم کی منظوری کے بعد کراچی اور لاہور میں شیڈول پلے آف مقابلوں میں تماشائی اسٹیڈیم جا سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ شائقین میچز دیکھنے کے لیے ممکنہ حد تک پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں تاکہ ٹریفک اور سکیورٹی انتظامات بہتر انداز میں برقرار رکھے جا سکیں۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف سے محسن نقوی کی ملاقات ہوئی، جس میں ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال اور پی ایس ایل میچز میں عوامی شرکت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے ایران اور امریکا کے مذاکراتی عمل کے دوران کیے گئے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 11 کے پلے آف مرحلے کا آغاز کل سے ہو رہا ہے۔ کراچی میں کوالیفائر میچ میں پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ آمنے سامنے ہوں گی۔
بعدازاں بدھ کو لاہور میں پہلے ایلیمنیٹر میں حیدرآباد کنگز مین اور ملتان سلطانز مدمقابل ہوں گی، جبکہ دوسرا ایلیمنیٹر یکم مئی کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔
ٹورنامنٹ کا فائنل 3 مئی کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوگا۔