تہران: ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکی پالیسیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ خطے سے متعلق غلط حکمتِ عملی اور جذباتی فیصلے امریکا کے لیے سنگین نتائج کا باعث بن سکتے ہیں۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق محمد باقر قالیباف نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر جاری اپنے بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ غیر محتاط اور غلط فیصلے نہ صرف موجودہ صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتے ہیں بلکہ پورے خطے کے استحکام کو بھی خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسی پالیسیوں کے نتیجے میں توانائی کے بنیادی ڈھانچے، عالمی تجارتی سرگرمیوں اور بین الاقوامی منڈیوں پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، جس سے دنیا بھر میں معاشی بے یقینی میں اضافہ ہوگا۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے مزید خبردار کیا کہ اگر واشنگٹن نے موجودہ حالات میں دانشمندانہ طرزِ عمل اختیار نہ کیا تو وہ ایک ایسے طویل اور پیچیدہ بحران میں پھنس سکتا ہے جس کے اثرات برسوں تک محسوس کیے جائیں گے۔
محمد باقر قالیباف کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی رابطوں اور خطے کی صورتحال پر عالمی سطح پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔