حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): پاکستان 2026-27 کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ مملکت کی کونسل کی صدارت سنبھالے گا، وزیراعظم شہباز شریف نے اس حوالے سے جاری اعلامیے پر دستخط کردیے۔
کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ مملکت کی کونسل کے اجلاس کے اعلامیے پر دستخط کی تقریب ہوئی، جس میں پاکستان کو تنظیم کی آئندہ مدت کی سربراہی سونپنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان 2026-27 کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ مملکت کی کونسل کی صدارت کرے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب کے دوران اجلاس کے اعلامیے پر دستخط کیے۔
پاکستان کو تنظیم کی سربراہی ملنے کو خطے میں سفارتی اور علاقائی تعاون کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے، کیونکہ اس دوران اسلام آباد کو شنگھائی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم پر مختلف اہم معاملات کو آگے بڑھانے کا موقع ملے گا۔
دوسری جانب وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ مملکت کے اجلاس کے موقع پر ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سعیدوف سے بھی ملاقات کی۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون اور شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ دونوں جانب سے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
اسحاق ڈار اور بختیار سعیدوف نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان موجود تعاون کو مزید فروغ دے کر باہمی تعلقات کو نئی جہت دی جاسکتی ہے۔