حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
لاہور جنرل اسپتال کے گائنی وارڈ میں اچانک آگ، 70 افراد بحفاظت باہر نکال لیے گئے، سیکیوریٹی گارڈ کی حالت خراب Home / پاکستان /

لاہور جنرل اسپتال کے گائنی وارڈ میں اچانک آگ، 70 افراد بحفاظت باہر نکال لیے گئے، سیکیوریٹی گارڈ کی حالت خراب

ایڈیٹر - 01/09/2026
لاہور جنرل اسپتال کے گائنی وارڈ میں اچانک آگ، 70 افراد بحفاظت باہر نکال لیے گئے، سیکیوریٹی گارڈ کی حالت خراب

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): لاہور کے جنرل اسپتال کے گائنی وارڈ میں آتشزدگی کے باعث دھواں بھر گیا، جس کے بعد حاملہ خواتین سمیت 70 افراد کو فوری طور پر عمارت سے باہر منتقل کردیا گیا، جبکہ دھویں سے متاثرہ ایک سیکیورٹی گارڈ کو طبی امداد فراہم کی گئی۔

لاہور کے جنرل اسپتال کے گائنی وارڈ میں صبح کے وقت اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں وارڈ دھویں سے بھر گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی اسپتال کے عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر چند منٹوں میں قابو پالیا۔

ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ چھت میں نصب بجلی کی تاروں میں شارٹ سرکٹ کو قرار دیا جارہا ہے۔ آتشزدگی کے بعد احتیاطی اقدام کے طور پر گائنی وارڈ میں موجود حاملہ خواتین سمیت 70 افراد کو عمارت سے باہر منتقل کردیا گیا۔

دھویں کے باعث ایک سیکیورٹی گارڈ کی طبیعت خراب ہوگئی، جسے جنرل اسپتال کی ایمرجنسی میں منتقل کیا گیا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق گارڈ کی حالت خطرے سے باہر ہے اور اسے ضروری طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

واقعے پر وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جنرل اسپتال کے گائنی وارڈ میں لگنے والی آگ پر اسپتال کے عملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے چند منٹوں میں قابو پالیا۔

عظمیٰ بخاری کے مطابق آتشزدگی کے واقعے میں کسی مریض، اس کے تیماردار یا طبی عملے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، جبکہ فوری اقدامات کے باعث ایک بڑے حادثے سے بچاؤ ممکن ہوا۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر صوبے کے تمام سرکاری اسپتالوں میں آگ سے بچاؤ اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات مکمل کیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جنرل اسپتال میں آگ پر فوری قابو پانا اس امر کا ثبوت ہے کہ سرکاری اسپتالوں میں حفاظتی اقدامات اور ہنگامی ردعمل کے نظام کو مؤثر بنایا گیا ہے۔