حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): مون سون بارشوں اور درجہ حرارت میں اضافے کے باعث گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف پہاڑی علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور اچانک سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ علاقوں کے لیے الرٹ جاری کردیا گیا۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ممکنہ سیلابی صورتحال کے حوالے سے تازہ انتباہ جاری کرتے ہوئے حساس علاقوں میں احتیاطی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
حکام کے مطابق مون سون کے دوران ہونے والی بارشوں اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے نتیجے میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، جس سے نشیبی علاقوں میں اچانک سیلاب آنے کا خطرہ ہے۔
الرٹ میں گلگت بلتستان کے غذر، ہنزہ، نگر، شگر، گلگت، روندو، دیامر، استور، اسکردو، گانچھے، کھرمنگ اور وادی نیلم کو حساس علاقوں میں شامل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے چترال، اپر دیر، لوئر دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان اور ان سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بھی سیلابی صورتحال کے ساتھ لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
متعلقہ اداروں کو ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر نگرانی مزید مؤثر بنانے اور حساس علاقوں میں ضروری احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ شہریوں کو بھی پہاڑی ندی نالوں اور خطرناک مقامات سے دور رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔