حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
امریکی فوج میں ہلچل، وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے 7 اعلیٰ افسران کی ترقی روک دی، آرمی سیکریٹری مستعفی Home / بین الاقوامی /

امریکی فوج میں ہلچل، وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے 7 اعلیٰ افسران کی ترقی روک دی، آرمی سیکریٹری مستعفی

ایڈیٹر - 03/09/2026
امریکی فوج میں ہلچل، وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے 7 اعلیٰ افسران کی ترقی روک دی، آرمی سیکریٹری مستعفی

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): امریکی محکمہ دفاع میں اعلیٰ فوجی افسران کی ترقی اور تقرریوں کے معاملے پر اختلافات شدت اختیار کرگئے ہیں، جہاں وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کی جانب سے 7 منتخب فوجی افسران کو عہدوں سے ہٹانے یا ان کی ترقی روکنے کے بعد امریکی آرمی سیکریٹری ڈینیئل ڈرسکول نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو استعفیٰ پیش کردیا۔

موجودہ اور سابق امریکی فوجی حکام کے مطابق پیٹ ہیگستھ نے حالیہ دنوں میں ان 7 فوجی افسران کے خلاف کارروائی کی جنہیں ایک سینئر فوجی بورڈ نے 2 اسٹار جنرل کے عہدے کے لیے منتخب کیا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان فیصلوں کی واضح وجوہات سامنے نہ آنے کے باعث محکمہ دفاع میں بے چینی اور اختلافات بڑھ رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ڈینیئل ڈرسکول نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے دوران پیٹ ہیگستھ کے اقدامات پر تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ جن افسران کو نشانہ بنایا گیا، ان میں کئی انتہائی تجربہ کار کمانڈر شامل ہیں، جو مختلف جنگی محاذوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

ڈرسکول نے صدر ٹرمپ کو یہ خدشہ بھی ظاہر کیا کہ افسران کی برطرفی اور ترقی کے عمل میں رکاوٹ سے فوجی اہلکاروں کے حوصلے متاثر ہوسکتے ہیں۔ ان کے مطابق اس صورتحال نے فوج میں ترقی کے نظام کی شفافیت اور میرٹ پر بھی سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔

دوسری جانب پینٹاگون کے ترجمان شان پارنیل نے وزیر دفاع کے فیصلوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترقی کے لیے تیار کی جانے والی فہرستیں حتمی نہیں ہوتیں اور وزیر دفاع کو ان میں تبدیلی کا اختیار حاصل ہے۔

تاہم سینئر فوجی حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ نوعیت کی کارروائیاں غیر معمولی ہیں۔ ان کے مطابق ماضی میں بھی وزرائے دفاع یا فوجی شعبوں کے سیکریٹریز نے خلاف ورزیوں کی بنیاد پر افسران کو عہدوں سے ہٹایا، لیکن موجودہ معاملے میں متاثرہ افسران کے خلاف ایسی کسی واضح خلاف ورزی کی نشاندہی نہیں کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق پیٹ ہیگستھ کے فیصلوں سے متاثر ہونے والے 7 افسران میں 2 سیاہ فام اور 2 خواتین شامل ہیں، جبکہ امریکی فوج کی اعلیٰ قیادت میں سفید فام مرد افسران کی تعداد زیادہ ہے۔

پیٹ ہیگستھ اس سے قبل بھی اعلیٰ فوجی قیادت میں تبدیلیوں کے اپنے فیصلوں کا دفاع کرتے رہے ہیں۔ ان کا مؤقف رہا ہے کہ فوجی قیادت میں موجود غیر ضروری رکاوٹوں کو ختم کرکے کمانڈرز کو اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنے کا موقع فراہم کرنا ضروری ہے۔

حکام کے مطابق وزیر دفاع کی پالیسی اور فوجی قیادت میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کے اقدامات ڈینیئل ڈرسکول کی جانب سے فوجی قیادت کے لیے اختیار کی گئی حکمت عملی سے مسلسل متصادم رہے، جس کے نتیجے میں اب محکمہ دفاع کے اندر اختلافات مزید نمایاں ہوگئے ہیں۔