حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پاکستان نے عالمی مالیاتی منڈی میں بڑا قدم اٹھا لیا، یورو بانڈز سےلگ بھگ 3 ارب ڈالر حاصل کر لیے Home / پاکستان /

پاکستان نے عالمی مالیاتی منڈی میں بڑا قدم اٹھا لیا، یورو بانڈز سےلگ بھگ 3 ارب ڈالر حاصل کر لیے

ایڈیٹر - 03/09/2026
پاکستان نے عالمی مالیاتی منڈی میں بڑا قدم اٹھا لیا، یورو بانڈز سےلگ بھگ 3 ارب ڈالر حاصل کر لیے

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): پاکستان نے عالمی مالیاتی منڈی میں دوبارہ مؤثر رسائی حاصل کرتے ہوئے 2 مختلف مدت کے یورو بانڈز کے اجرا سے مجموعی طور پر 3 ارب ڈالر حاصل کرلیے ہیں، جسے وزارت خزانہ نے عالمی سرمایہ کاروں کے پاکستان پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی علامت قرار دیا ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان نے ساڑھے 5 سالہ یورو بانڈ کے ذریعے 1.75 ارب ڈالر حاصل کیے، جس پر 7.50 فیصد کوپن ریٹ مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 10 سالہ یورو بانڈ سے مزید 1.25 ارب ڈالر حاصل ہوئے، جس کا کوپن ریٹ 7.90 فیصد رکھا گیا ہے۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ دونوں بانڈز کے اجرا میں عالمی سرمایہ کاروں کی نمایاں دلچسپی سامنے آئی، جو پاکستان کی معیشت اور مالیاتی پالیسیوں پر بین الاقوامی اعتماد میں بہتری کی عکاسی کرتی ہے۔

حکام کے مطابق اس پیش رفت سے پاکستان کی عالمی سرمایہ منڈیوں تک رسائی مزید مضبوط ہوئی ہے۔ پاکستان نے پہلی مرتبہ نئے عالمی درمیانی مدت کے قرض پروگرام کے تحت یہ بانڈز جاری کیے ہیں۔

وزارت خزانہ کے مطابق حکومت کی موجودہ حکمت عملی محض قرض حاصل کرنے کے بجائے ملکی قرضوں کے مؤثر انتظام اور مالیاتی خطرات میں کمی پر مرکوز ہے۔ طویل مدتی فنانسنگ کے ذریعے مستقبل میں قرضوں کی دوبارہ ادائیگی یا نئے قرض سے پرانے قرض کی ادائیگی کے دباؤ کو کم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ حالیہ یورو بانڈ کا اجرا پاکستان کی عالمی مالیاتی منڈیوں میں مضبوط واپسی کا ثبوت ہے اور اس سے ملک کے لیے بین الاقوامی سطح پر مالی وسائل تک رسائی کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔