حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): تھانہ بڈھ بیر کے قریب پولیس کوارٹر میں زیرحراست 2 ملزمان نے مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں پر حملہ کرکے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر طلا خان اور کانسٹیبل مہربان شاہ زخمی ہوگئے، جبکہ دونوں ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دونوں ملزمان کو رہزنی کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا اور ایس ایچ او بڈھ بیر کے کوارٹر میں ان سے تفتیش جاری تھی۔ اسی دوران ملزمان نے مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں سے اسلحہ چھین لیا اور ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کو نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے واقعے میں اے ایس آئی طلا خان اور کانسٹیبل مہربان شاہ زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق فرار ہونے والے ملزمان کی شناخت عمیر اور ظاہر گل کے نام سے ہوئی ہے، دونوں کو عادی جرائم پیشہ قرار دیا گیا ہے۔
واقعے کے فوری بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا، جو رات گئے تک جاری رہا۔
دوسری جانب پولیس حکام نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا ہے اور متعلقہ افسران سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ملزمان کے خلاف پولیس اہلکاروں پر حملے اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا، جبکہ واقعے کے محرکات اور سکیورٹی انتظامات سے متعلق مختلف پہلوؤں پر بھی تحقیقات جاری ہیں۔