ضلع سوات کی پولیس نے عوامی شکایات پر فوری اور سخت ترین ایکشن لیتے ہوئے رحیم آباد اور اس کے گردونواح میں منشیات فروشی کے نیٹ ورک کے خلاف ایک انتہائی منظم اور تاریخی کریک ڈاؤن کیا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سوات محمد عمر خان کے سخت احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے، ایس ایچ او تھانہ رحیم آباد فضل رحیم خان نے پولیس ٹیم اور علاقہ عمائدین کے باہمی تعاون سے منشیات فروشی اور دیگر سنگین غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی کا آغاز کیا، جس کے نتیجے میں 10 خاندانوں کو باضابطہ طور پر علاقہ بدر (بے دخل) کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، تھانہ رحیم آباد کی حدود میں طویل عرصے سے بعض عناصر منظم طریقے سے منشیات فروشی پھیلا رہے تھے، جس پر مقامی آبادی کی جانب سے شدید تشویش اور شکایات سامنے آئی تھیں۔ پولیس نے عوامی امنگوں کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے جرائم کے ان اڈوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا ہے۔ اس حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او سوات محمد عمر خان کا کہنا تھا کہ پرامن معاشرے میں بدنامی کا باعث بننے والے اور نوجوان نسل کی رگوں میں زہر گھولنے والے عناصر کے ساتھ اب کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی، اور ان کے خلاف بلا تفریق ایکشن جاری رہے گا۔
ڈی پی او سوات نے مزید واضح کیا کہ منشیات سے پاک معاشرے کا قیام سوات پولیس کا اولین عزم اور نصب العین ہے۔ انہوں نے سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس قبیح کاروبار کے ذریعے نوجوانوں کا مستقبل اور زندگی تباہ کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ مقامی عوامی و سماجی حلقوں اور علاقہ عمائدین نے پولیس کی اس دلیرانہ اور بروقت کارروائی کا زبردست خیرمقدم کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اس سے علاقے میں امن و امان اور معاشرتی اقدار کو مزید تقویت ملے گی۔