حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ایران نے چین کی علاقائی سلامتی تجویز کی حمایت کردی،محمد باقر قالیباف کا اہم بیان سامنے آگیا Home / بین الاقوامی /

ایران نے چین کی علاقائی سلامتی تجویز کی حمایت کردی،محمد باقر قالیباف کا اہم بیان سامنے آگیا

ایڈیٹر - 05/09/2026
ایران نے  چین کی علاقائی سلامتی تجویز کی حمایت کردی،محمد باقر قالیباف کا اہم بیان سامنے آگیا

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے مشرق وسطیٰ میں مشترکہ سکیورٹی کے لیے چین کی تجویز کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے کے ممالک کو اپنی سلامتی اور مستقبل کے معاملات میں بیرونی طاقتوں پر انحصار کم کرنا ہوگا۔

محمد باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ علاقائی سطح پر مشترکہ سکیورٹی کا اصول ایران کے دیرینہ مؤقف سے مطابقت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق خطے میں پائیدار امن اور حقیقی استحکام کے لیے ایسا نیا سکیورٹی نظام تشکیل دینا ضروری ہے جو خود اسی خطے کے ممالک کے باہمی تعاون سے وجود میں آئے۔

ایرانی اسپیکر نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا چاہیے اور اپنی سلامتی کے لیے خطے سے باہر کی طاقتوں پر انحصار کم کرنا چاہیے۔ ایران اس مقصد کے لیے علاقائی ممالک کے ساتھ تعاون اور نئے سکیورٹی ڈھانچے کی تشکیل میں کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تہران طویل عرصے سے علاقائی ممالک کو باہمی تعاون کے ذریعے مشترکہ سکیورٹی کا نظام قائم کرنے کی ترغیب دیتا رہا ہے، کیونکہ بیرونی طاقتوں پر ضرورت سے زیادہ انحصار خطے میں دیرپا استحکام کی راہ میں رکاوٹ بن سکتا ہے۔

شی جن پنگ کی 4 نکاتی سکیورٹی حکمت عملی

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چین کے صدر شی جن پنگ نے مشرق وسطیٰ میں سکیورٹی کے لیے ایک نئے اور مؤثر علاقائی ڈھانچے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

بدھ کو مصر کے صدر عبدالفتح السیسی سے ملاقات کے دوران شی جن پنگ نے خطے میں مشترکہ، جامع، تعاون پر مبنی اور دیرپا سکیورٹی کے قیام کی تجویز پیش کی تھی۔

چینی صدر کے اس مؤقف کے بعد ایران کی جانب سے حمایت کو خطے میں سکیورٹی کے معاملات پر تہران اور بیجنگ کے مؤقف میں ہم آہنگی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔