حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے اثرات امریکی توانائی کے شعبے میں نمایاں ہونے لگے ہیں، جہاں ڈیزل کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے اور نرخ تاریخ کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئے ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں ڈیزل کی قیمت بڑھ کر 5.88 ڈالر فی گیلن ہوگئی، جسے ملکی تاریخ میں ریکارڈ بلند سطح قرار دیا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں مسلسل اضافے کے اثرات صرف ایندھن تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ روزمرہ استعمال کی اشیا بھی مہنگی ہونے کا خدشہ ہے۔ نقل و حمل کے اخراجات بڑھنے سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر براہ راست دباؤ پڑ سکتا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈیزل کے ذخائر میں کمی نے بھی قیمتوں میں اضافے کے خدشات کو بڑھا دیا ہے۔ اگر سپلائی میں بہتری نہ آئی تو ڈیزل کے نرخ موجودہ ریکارڈ سطح سے بھی اوپر جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق ایندھن کی قیمتوں میں یہ اضافہ امریکی معیشت میں مہنگائی کے دباؤ کو مزید بڑھا سکتا ہے، خصوصاً مال برداری اور اشیائے خورد ونوش کی ترسیل کے اخراجات متاثر ہونے سے اس کے اثرات عام صارف تک پہنچ سکتے ہیں۔