حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ترکیہ کا بڑا سٹرٹیجک فیصلہ: نئے تین سالہ معاشی منصوبے میں دفاعی اخراجات میں 229 فیصد اضافہ! Home / بین الاقوامی /

ترکیہ کا بڑا سٹرٹیجک فیصلہ: نئے تین سالہ معاشی منصوبے میں دفاعی اخراجات میں 229 فیصد اضافہ!

ایڈیٹر - 07/09/2026
ترکیہ کا بڑا سٹرٹیجک فیصلہ: نئے تین سالہ معاشی منصوبے میں دفاعی اخراجات میں 229 فیصد اضافہ!

انقرہ: ترکیہ نے بدلتی ہوئی عالمی جغرافیائی سیاسی صورتحال اور سیکورٹی چیلنجز کے پیشِ نظر اپنے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کے لیے تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے نئے درمیانی مدت کے معاشی منصوبے کے تحت دفاعی اخراجات میں 229 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔

حسبان میڈیا کی بین الاقوامی ڈیسک رپورٹ کے مطابق ترک نائب صدر جودت یلماز نے سال 2027 سے 2029 تک کے تین سالہ قومی معاشی منصوبے کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دفاعی صنعت میں انقرہ کا حتمی مقصد ایک ایسا ترکیہ بنانا ہے جو نہ صرف اپنی جدید ٹیکنالوجی خود تیار کرے بلکہ دفاعی پیداوار میں بھی خود کفالت حاصل کرے۔ انہوں نے عالمی منظرنامے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ عرصے میں معاشی، تکنیکی اور جغرافیائی سیاسی تبدیلیاں ایک دوسرے سے جڑ چکی ہیں، اور ان عالمی خطرات کے اثرات ترک معیشت پر بھی مرتب ہو رہے ہیں جن کا مقابلہ جامع حکمتِ عملی سے کیا جا رہا ہے۔ داخلی معیشت پر بات کرتے ہوئے نائب صدر کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی میں کمی کا رجحان شروع ہو چکا ہے اور حکومت نے مہنگائی کے خلاف جنگ میں نمایاں پیشرفت کی ہے۔

دوسری جانب ترک بحریہ نے ملکی دفاعی تاریخ کے ایک اور بڑے سنگِ میل کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ترکیہ کا پہلا مقامی طیارہ بردار بحری جہاز (MUGEM) 27 ستمبر 2027 کو باقاعدہ طور پر سمندر میں اتار دیا جائے گا۔ ترک بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل ارجومن اوغلو کے مطابق جہاز کی تعمیر کا کام انتہائی تیز رفتاری اور تسلی بخش طریقے سے جاری ہے۔ یہ دنیا کا اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد طیارہ بردار جہاز ہوگا جو بیک وقت بغیر پائلٹ کے جنگی طیارے (ڈرانز) اڑانے کی صلاحیت رکھنے کے ساتھ ساتھ اپنے اندر سے بغیر پائلٹ کی بحری اور زیرِ آب گاڑیاں بھی تعینات کر سکے گا، جس کے بعد ترکیہ یہ تکنیکی صلاحیت حاصل کرنے والا دنیا کا پہلا ملک بن جائے گا۔