حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پٹرولیم لیوی کے معاملے پر وفاقی حکومت اور جماعت اسلامی کے وفود میں مذاکرات کا پہلا دور آج شروع! Home / پاکستان /

پٹرولیم لیوی کے معاملے پر وفاقی حکومت اور جماعت اسلامی کے وفود میں مذاکرات کا پہلا دور آج شروع!

ایڈیٹر - 07/09/2026
پٹرولیم لیوی کے معاملے پر وفاقی حکومت اور جماعت اسلامی کے وفود میں مذاکرات کا پہلا دور آج شروع!

لاہور: وفاقی حکومت اور جماعت اسلامی کے مابین پٹرولیم لیوی اور عوامی مطالبات کے حوالے سے باقاعدہ مذاکرات کا پہلا دور آج پیر سے شروع ہو رہا ہے، جس کا مقصد گزشتہ دنوں اعلیٰ سطح پر طے پانے والے امور کو حتمی شکل دینا ہے۔

حسبان میڈیا نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق، یہ اہم پیش رفت وفاقی وزیر احسن اقبال کی سربراہی میں حکومتی وفد کی امیرِ جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے ہونے والی حالیہ ملاقات کے بعد سامنے آئی ہے، جس میں فریقین نے پٹرولیم لیوی سمیت دیگر حل طلب مسائل پر بیٹھ کر بات چیت شروع کرنے پر مکمل اتفاق کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق، دونوں جانب سے انتہائی معتبر اور سینیئر رہنماؤں کو مذاکراتی عمل کا حصہ بنایا گیا ہے تاکہ سنجیدہ اور نتیجہ خیز مکالمے کو یقینی بنایا جا سکے۔

جماعت اسلامی کے وفد کی قیادت نائب امیر لیاقت بلوچ کریں گے، جبکہ وفد کے دیگر ارکان میں سیکرٹری جنرل امیر العظیم، عنایت اللہ خان، فراست علی شاہ، ضیاء الدین انصاری، نصر اللہ رندھاوا اور نوید علی بیگ شامل ہیں۔ دوسری جانب، وفاقی حکومت کی نمائندگی کے لیے قائم کردہ مذاکراتی ٹیم میں رانا ثناء اللہ اور خواجہ سلمان رفیق جیسے سینیئر رہنما شامل ہیں جن کی سربراہی احسن اقبال خود کر رہے ہیں۔ معاشی اور سیاسی حلقے اس اہم بیٹھک کو ملکی سیاست اور پٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسوں کے تناظر میں انتہائی اہمیت کا حامل قرار دے رہے ہیں۔