حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے گدون انڈسٹریل اسٹیٹ میں ایک فیکٹری کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بڑی مقدار میں غیرقانونی سگریٹ پیپر برآمد کرلیا۔
محکمہ ریونیو کے مطابق کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 1,225 کارٹن سگریٹ پیپر قبضے میں لیا گیا، جس کی مالیت تقریباً 12 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ برآمد کیے گئے غیرقانونی سگریٹ پیپر کی مالیت اور اس پر عائد ممکنہ ٹیکس و ڈیوٹیز کے تناظر میں قومی خزانے کو تقریباً 6.1 ارب روپے کے ممکنہ نقصان سے محفوظ کرلیا گیا ہے۔
کارروائی کے بعد ضبط شدہ سامان کو مزید قانونی کارروائی اور محفوظ تحویل کے لیے سرکاری گودام مردان منتقل کردیا گیا ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے واضح کیا ہے کہ غیرقانونی اشیا کی خرید و فروخت اور اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی، جبکہ خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔