حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
یوم فضائیہ: پاک فضائیہ کے شاہینوں کی وہ شاندار داستان جس نے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے Home / پاکستان /

یوم فضائیہ: پاک فضائیہ کے شاہینوں کی وہ شاندار داستان جس نے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے

ایڈیٹر - 07/09/2026
یوم فضائیہ: پاک فضائیہ کے شاہینوں کی وہ شاندار داستان جس نے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): پاکستان بھر میں آج 7 ستمبر کو یوم فضائیہ قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد 1965 کی پاک بھارت جنگ کے دوران پاک فضائیہ کے شاہینوں کی بے مثال جرأت، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔

یوم فضائیہ ہر سال 7 ستمبر کو اس تاریخی فضائی معرکے کی یاد میں منایا جاتا ہے جس میں پاک فضائیہ کے جوانوں نے محدود وسائل کے باوجود دشمن کا بھرپور مقابلہ کیا اور اپنی جنگی صلاحیتوں کا غیر معمولی مظاہرہ کیا۔

1965 کی جنگ کے دوران 6 اور 7 ستمبر کو پاک فضائیہ نے بھارتی فضائیہ کے متعدد جنگی طیاروں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں فضائی محاذ پر پاکستان کی پوزیشن مضبوط ہوئی۔ پاک فضائیہ کے پائلٹس کی مہارت اور جرأت نے جنگ کے دوران اہم کردار ادا کیا۔

ملک بھر کے فضائی اڈوں اور مختلف مقامات پر یوم فضائیہ کے حوالے سے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جبکہ 1965 کی جنگ میں خدمات انجام دینے والے شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری کا پیغام

صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم فضائیہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاک فضائیہ نے مختلف فضائی معرکوں میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت، مہارت اور برتری ثابت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کی کامیابیاں جرأت مند قیادت، بہترین منصوبہ بندی اور غیر معمولی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا نتیجہ ہیں۔ تعداد میں کم ہونے کے باوجود پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے مقابلے میں اپنے عزم اور حوصلے کو کمزور نہیں پڑنے دیا۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کے جوانوں نے ملکی خودمختاری اور فضائی حدود کے تحفظ کے لیے بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا، جبکہ قومی سلامتی کے دفاع کے لیے پاک فضائیہ آج بھی ہر وقت تیار اور مستعد ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا خراج عقیدت

وزیراعظم شہباز شریف نے یوم فضائیہ پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاک فضائیہ نے کئی دہائیوں پر محیط فضائی معرکوں میں اپنی صلاحیت اور پیشہ ورانہ برتری منوائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ قومی ادارہ قربانی، شجاعت اور پیشہ ورانہ مہارت کی قابل فخر تاریخ رکھتا ہے اور جب بھی ملک کو اس کی ضرورت پڑی، پاک فضائیہ کے شاہینوں نے پوری جرأت کے ساتھ دفاع وطن کا فریضہ انجام دیا۔

وزیراعظم کے مطابق ستمبر 1965 کی جنگ میں ملکی فضائی حدود کے دفاع کے لیے پاک فضائیہ کے جوانوں کا جذبہ قابل دید تھا۔ انہوں نے کہا کہ دفاع وطن کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فضائیہ کے شہدا کی قربانیاں قوم کے لیے ہمیشہ باعث فخر رہیں گی۔

مریم نواز کا پاک فضائیہ کے شہدا کو سلام

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یوم فضائیہ کے موقع پر پاک فضائیہ کے شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کے ذریعے تاریخ میں ناقابل فراموش مثالیں قائم کیں۔ راشد منہاس شہید سمیت پاک فضائیہ کے بہادر جوانوں کی قربانیاں قوم کے لیے مشعل راہ ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ گزشتہ برس مئی میں بھی پاک فضائیہ نے دشمن کے جدید جنگی طیاروں کو نشانہ بنا کر اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔ ان کے مطابق یوم فضائیہ قومی اتحاد، حب الوطنی اور دفاع وطن کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔

محسن نقوی نے ایم ایم عالم کو یاد کیا

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یوم فضائیہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 7 ستمبر 1965 پاک فضائیہ کی غیر معمولی شجاعت اور پیشہ ورانہ مہارت کی تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔

انہوں نے کہا کہ 1965 کی جنگ میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے عزائم ناکام بناتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

محسن نقوی نے اسکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم کی خدمات کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جرأت اور کارکردگی پاکستان کی عسکری تاریخ کا ناقابل فراموش حصہ ہے۔ ان کے مطابق ایم ایم عالم نے جنگ کے دوران دشمن کے 5 طیارے تباہ کرکے غیر معمولی کارنامہ انجام دیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ قابلیت اور دفاعی صلاحیتوں پر پوری قوم کو فخر ہے، جبکہ ملک کی فضائی حدود کے محافظ آج بھی قومی سلامتی کے دفاع کے لیے ہر لمحہ چوکس اور تیار ہیں۔