حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): گلبہار کے سرکاری ٹیکنیکل ہائر سیکنڈری سکول کی آئی ٹی لیب سے 10 کمپیوٹرز کے مرکزی یونٹس پراسرار طور پر غائب ہونے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے تحقیقات کا آغاز کردیا۔
حیران کن طور پر آئی ٹی لیب کے دروازے، تالے، کھڑکیاں اور وینٹی لیٹرز بظاہر مکمل طور پر محفوظ پائے گئے ہیں، جس کے باعث کمپیوٹرز کے غائب ہونے کا واقعہ مزید پُراسرار ہوگیا ہے۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مردانہ پشاور کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق گورنمنٹ ٹیکنیکل ہائر سیکنڈری سکول گلبہار پشاور کی آئی ٹی لیب سے 10 سی پی یوز کی گمشدگی کی مکمل چھان بین کے لیے 2 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول نمبر 3 پشاور سٹی کے پرنسپل پرویز اقبال کو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، جبکہ سب ڈویژنل ایجوکیشن آفیسر مردانہ ٹاؤن ون پشاور حبیب اللہ کمیٹی کے رکن ہوں گے۔
انکوائری کمیٹی کو واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے، کمپیوٹرز کی گمشدگی کے حقائق معلوم کرنے اور ممکنہ طور پر ذمہ دار افراد کا تعین کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
کمیٹی تحقیقات مکمل کرنے کے بعد اپنی سفارشات پر مشتمل رپورٹ 7 روز کے اندر محکمہ تعلیم کو پیش کرے گی۔ رپورٹ موصول ہونے کے بعد واقعے میں مزید کارروائی اور ذمہ داروں کے خلاف اقدامات کا فیصلہ کیا جائے گا۔
یوں محفوظ دروازوں اور تالوں کے باوجود آئی ٹی لیب سے قیمتی کمپیوٹر آلات کے غائب ہونے کا معاملہ محکمہ تعلیم کے لیے ایک اہم سوال بن گیا ہے، جس کا جواب انکوائری رپورٹ میں سامنے آنے کی توقع ہے۔