حسبان میڈیا (ویب ڈیس): ایرانی بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل شہرام ایرانی نے خبردار کیا ہے کہ ایران کی مسلح افواج ضرورت پڑنے پر دشمن کی کارروائیوں کو دنیا میں کہیں بھی ناکام بنانے اور اسے مفلوج کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق شہرام ایرانی کا کہنا تھا کہ دشمن ایرانی مسلح افواج کی مسلسل آپریشنل سرگرمیوں سے شدید دباؤ میں ہے، جبکہ ایرانی بحریہ کی کارروائیوں کے نتیجے میں بعض دشمن جنگی جہازوں کی عملی صلاحیتیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی مسلح افواج کی بنیادی ذمہ داری دشمن کو اپنے مقاصد حاصل کرنے سے روکنا ہے، جس کے لیے دشمن کی نقل و حرکت پر مسلسل اور لمحہ بہ لمحہ نظر رکھی جارہی ہے۔
ایرانی بحریہ کے کمانڈر نے مسلح افواج کو مستقبل میں کسی بھی ممکنہ جنگی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دفاعی صلاحیتوں میں مسلسل بہتری لائی جارہی ہے۔
شہرام ایرانی کے مطابق دشمن ایرانی افواج کی آپریشنل صلاحیتوں میں ہونے والی پیش رفت سے پریشان ہے اور اگر ضرورت پیش آئی تو ایرانی مسلح افواج دشمن کو کسی بھی مقام پر کارروائی سے روکنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایرانی افواج کی تیاری کا مقصد کسی بھی ممکنہ خطرے کا بروقت مقابلہ کرنا اور دشمن کو اپنے اہداف حاصل کرنے سے روکنا ہے۔