**حسبان میڈیا (ویب ڈیسک):صوبائی دارالحکومت پشاور کے سول کوارٹرز میں قائم ایک سرکاری سکول میں طلبہ سے 50 روپے کے سکول بیج کی مبینہ وصولی اور رقم نہ دینے والے بچوں سے بدسلوکی کی شکایت سامنے آگئی۔
شکایت کنندگان کے مطابق سکول میں صبح کے اوقات میں بعض طلبہ کے ساتھ مبینہ طور پر ڈانٹ ڈپٹ اور مارپیٹ کی جاتی ہے، جبکہ جن بچوں کے پاس سکول کا بیج موجود نہیں ہوتا، انہیں نائب قاصد سے 50 روپے کے عوض بیج خریدنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔
الزام ہے کہ رقم ادا کرکے بیج نہ خریدنے والے غریب طلبہ کو مبینہ طور پر تذلیل اور تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ بعض بچوں کو سکول سے واپس بھیجنے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔
شکایت کنندگان نے سوال اٹھایا ہے کہ اگر کسی غریب طالب علم کے پاس 50 روپے موجود نہ ہوں تو کیا اسے سرکاری سکول میں تعلیم حاصل کرنے سے روکا جا سکتا ہے؟
انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر تعلیم، سیکرٹری تعلیم اور محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے غیر جانب دارانہ تحقیقات کرائیں اور الزامات درست ثابت ہونے کی صورت میں ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔