حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج کی مسلسل کارروائیوں کے نتیجے میں 3 روز کے دوران 27 افراد شہید جبکہ 69 زخمی ہوگئے۔
لبنانی وزارتِ صحت نے ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حملوں میں خواتین، بچوں اور طبی امدادی کارکنوں سمیت شہری آبادی کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
رپورٹ کے مطابق نباطیہ سمیت جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی حملوں کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہونے لگی ہے، جس سے پہلے سے کشیدہ صورتحال مزید سنگین ہوگئی ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں علی الطاہر کی پہاڑیوں اور اس سے ملحقہ علاقوں کا کنٹرول سنبھالنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے اس اعلان کے بعد علاقے میں مزید کشیدگی اور شہریوں کی سلامتی کے حوالے سے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
لبنانی حکام نے اسرائیلی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شہری آبادی کو درپیش خطرات کے پیش نظر عالمی برادری کو صورتحال کا فوری نوٹس لے کر شہریوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کرنا چاہئیں۔