حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پلاٹ کی تقسیم پر خاندانی تنازع، گھر کی دہلیز پر 19 سالہ نوجوان قتل Home / پاکستان /

پلاٹ کی تقسیم پر خاندانی تنازع، گھر کی دہلیز پر 19 سالہ نوجوان قتل

ایڈیٹر - 08/09/2026
پلاٹ کی تقسیم پر خاندانی تنازع، گھر کی دہلیز پر 19 سالہ نوجوان قتل

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): صوبائی دارالحکومت پشاور کے علاقے تہکال پایان میں پلاٹ کی تقسیم کے تنازع نے خونی رخ اختیار کرلیا، جہاں چچا زاد بھائیوں کے درمیان مبینہ فائرنگ کے نتیجے میں 19 سالہ نوجوان زوہیب جاں بحق ہوگیا، جبکہ اس کا بھائی فائرنگ کی زد میں آنے سے محفوظ رہا۔

پولیس کے مطابق واقعہ محلہ چارنڈا، فتح حجرہ کے قریب پیش آیا۔ مقتول کے بھائی وہاج نے پولیس کو بتایا کہ وہ زوہیب کے ہمراہ گھر میں موجود تھا کہ ہلال اور ہارون نامی افراد گھر کے باہر آکر مبینہ طور پر گالم گلوچ اور چیخ پکار کرنے لگے اور زوہیب کو باہر آنے کے لیے آوازیں دیں۔

وہاج کے مطابق دونوں بھائی گھر سے باہر نکلے تو ملزمان نے مبینہ طور پر فائرنگ کردی۔ گولیاں لگنے سے زوہیب شدید زخمی ہوا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ وہاج فائرنگ سے محفوظ رہا۔

پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق دونوں خاندانوں کے درمیان 4.5 مرلے کے پلاٹ کی تقسیم پر پہلے سے تنازع چلا آرہا تھا۔ پلاٹ کے سامنے یا پچھلے حصے کی تقسیم کا معاملہ دونوں فریقوں کے درمیان اختلاف کی بنیادی وجہ بتایا جا رہا ہے۔

واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ پولیس نے مقدمے سے متعلق مزید تفتیش شروع کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی تیز کردی ہے۔