حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
امریکا کے 5 ایرانی تیل بردار جہاز نشانہ بنانے کا دعویٰ، ایران کا اردن میں امریکی اہداف پر میزائلوں کی بارش Home / بین الاقوامی /

امریکا کے 5 ایرانی تیل بردار جہاز نشانہ بنانے کا دعویٰ، ایران کا اردن میں امریکی اہداف پر میزائلوں کی بارش

ایڈیٹر - 09/09/2026
امریکا کے 5 ایرانی تیل بردار جہاز نشانہ بنانے کا دعویٰ، ایران کا اردن میں امریکی اہداف  پر میزائلوں  کی بارش

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک):مریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی نے خطے میں ایک بار پھر عسکری تصادم کی صورتحال پیدا کردی ہے، جہاں امریکا نے خلیج عمان اور جزیرہ خارگ کے قریب 5 ایرانی تیل بردار جہازوں کو نشانہ بنانے اور تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اردن میں قائم امریکی فوجی اڈے اور خطے میں موجود امریکی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا ہے۔

امریکی حکام کے مطابق ایرانی تیل بردار جہازوں کے خلاف کارروائی اس وقت کی گئی جب ایرانی فورسز کی جانب سے ایک امریکی جنگی جہاز کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے 2 روز کے دوران 2 مرتبہ امریکی جنگی جہاز پر حملے کی کوشش کی، تاہم جہاز محفوظ رہا اور کسی امریکی اہلکار کو نقصان نہیں پہنچا۔

امریکی بیان کے مطابق جوابی کارروائی میں ایرانی تیل بردار جہازوں کو نشانہ بنایا گیا، تاہم حملے سے قبل ان پر موجود عملے کو جہاز خالی کرنے کی ہدایت کردی گئی تھی۔

دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اردن میں واقع الازرق امریکی فوجی اڈے کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا، جبکہ امریکی بحریہ کے 2 جنگی جہازوں پر بھی حملہ کیا گیا۔ ایران کا مزید دعویٰ ہے کہ امریکی ایف 35 اور ایف 15 طیاروں کے ہینگرز کو بھی تباہ کردیا گیا۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے امریکی اہلکاروں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے بحری جہاز خالی کردیں۔ ایران نے دھمکی دی ہے کہ امریکی حملوں کا سلسلہ جاری رہا تو کویت اور بحرین میں موجود امریکی آئل ٹینکرز اور مشرقِ وسطیٰ میں امریکی مفادات کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔

ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف علی عبداللہی نے اس سے قبل خبردار کیا تھا کہ اگر ایرانی تیل بردار جہازوں کو نشانہ بنایا گیا تو خطے میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کو جوابی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ایران کی وزارتِ خارجہ نے امریکی حملے کو اقوامِ متحدہ کے منشور کی خلاف ورزی اور جنگی جرم قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔

ادھر امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ایران مسلسل امریکی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کررہا ہے اور واشنگٹن کی جانب سے ہر ایسے حملے کا جواب دیا جائے گا۔

اردن کی فوج نے بھی تصدیق کی ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ملک میں موجود امریکی اڈے کی جانب داغے گئے 18 ایرانی میزائل فضا میں ہی تباہ کردیے، جبکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست بڑھتی ہوئی کشیدگی کے اثرات عالمی منڈی پر بھی نمایاں ہوئے ہیں اور حملوں کے بعد خام تیل کی قیمت 99.40 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔