حسبان میڈیا (ویب ڈیسک):اردن کے علاقے الازرق میں قائم امریکی فوجی اڈے پر ایرانی میزائل حملے کے نتیجے میں متعدد امریکی جنگی طیاروں کو نقصان پہنچنے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نیوز نے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ بدھ کی صبح موافق السلطی ایئربیس کو ایرانی میزائل حملوں کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں تقریباً 8 ایف 15 جنگی طیاروں کو معمولی نقصان پہنچا۔ ذرائع کے مطابق متاثرہ طیاروں کو مرمت کے بعد دوبارہ آپریشنل کردیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حملے کی زد میں امریکی فضائیہ کا ایک اے 10 تھنڈر بولٹ طیارہ بھی آیا، جسے ’وارٹ ہاگ‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ میزائل لگنے سے اس جنگی طیارے کا ایک پر تباہ ہوگیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق یہ کارروائی ایران کی جانب سے امریکا کے خلاف جاری جوابی حملوں کا حصہ تھی۔ اس سے قبل امریکا نے اعلان کیا تھا کہ ایرانی جانب سے امریکی بحری جنگی جہاز کو نشانہ بنانے کی کوشش کے جواب میں امریکی فورسز نے 5 ایرانی تیل بردار جہازوں کو نشانہ بنایا۔
ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی کارروائی کے جواب میں 8 تیل بردار جہازوں، 2 جنگی بحری جہازوں اور اردن میں موجود امریکی فوجی اڈے کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع کے مطابق ایرانی میزائل حملوں کو روکنے کے لیے اردن میں تعینات امریکی فورسز نے 30 سے زائد پیٹریاٹ دفاعی میزائل داغے۔
موافق السلطی ایئربیس اردن میں امریکی فوج کا ایک اہم فضائی مرکز سمجھا جاتا ہے، جہاں امریکی جنگی طیاروں کے ساتھ بڑی تعداد میں فوجی اہلکار بھی تعینات ہیں۔