حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پاکستان انڈر 19 کا انگلینڈ کو 177 رنز سے دھچکا، عثمان اور فرحان کی سنچریاں Home / کھیل /

پاکستان انڈر 19 کا انگلینڈ کو 177 رنز سے دھچکا، عثمان اور فرحان کی سنچریاں

ایڈیٹر - 10/09/2026
پاکستان انڈر 19 کا انگلینڈ کو 177 رنز سے دھچکا، عثمان اور فرحان کی سنچریاں

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک):پاکستان انڈر 19 نے انگلینڈ انڈر 19 کے خلاف پہلے ون ڈے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو 177 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔

پاکستان کی کامیابی میں عثمان خان اور کپتان فرحان یوسف کی شاندار سنچریوں جبکہ محمد سیام کی تباہ کن بولنگ نے اہم کردار ادا کیا۔ اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے 4 میچز پر مشتمل سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان انڈر 19 نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 332 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا۔ عثمان خان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 151 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ کپتان فرحان یوسف نے 115 رنز بنائے۔

دونوں بلے بازوں نے تیسری وکٹ کے لیے 268 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کی، جس نے پاکستان کے بڑے اسکور کی بنیاد فراہم کی۔

332 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ انڈر 19 کی بیٹنگ لائن پاکستانی بولرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی اور پوری ٹیم 35.1 اوورز میں صرف 155 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

پاکستان کی جانب سے محمد سیام نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 39 رنز کے عوض 4 اہم وکٹیں حاصل کیں اور انگلینڈ کی بیٹنگ کو محدود رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

سیریز کا دوسرا ون ڈے 12 ستمبر کو گلڈفورڈ میں کھیلا جائے گا، جہاں پاکستان انڈر 19 سیریز میں اپنی برتری مزید مستحکم کرنے کے لیے میدان میں اترے گی۔