حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کے مارچ سے قبل راولپنڈی ڈویژن میں بڑا کریک ڈاؤن۔ Home / سیاست /

پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کے مارچ سے قبل راولپنڈی ڈویژن میں بڑا کریک ڈاؤن۔

ایڈیٹر - 12/09/2026
 پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کے مارچ سے قبل راولپنڈی ڈویژن میں بڑا کریک ڈاؤن۔

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 27 ستمبر کو ہونے والے احتجاجی مارچ کو روکنے کے لیے انتظامیہ نے پیشگی کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے، جس کے تحت راولپنڈی ڈویژن سے پی ٹی آئی کے 106 سرگرم کارکنان کو نظر بند کر کے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ کارروائی ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹی کی سفارش پر تھری ایم پی او (3 MPO) کے تحت عمل میں لائی گئی ہے، اور تمام کارکنان کو 30 دن کے لیے نظر بند کیا گیا ہے۔

پولیس کے فراہم کردہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وسیع کریک ڈاؤن کے دوران راولپنڈی سے 31، اٹک سے 35، چکوال سے 23، جہلم سے 13 اور واہ کینٹ سے 4 کارکنان کو حراست میں لیا گیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور دارالحکومت کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب سیاسی درجہ حرارت میں اس وقت مزید اضافہ دیکھنے میں آیا جب خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے جارحانہ لائحہ عمل کا اعلان کیا۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ "ہم اس نظام کو گرانے کے لیے آ رہے ہیں اور پوری طاقت کے ساتھ اسلام آباد کی جانب مارچ کریں گے"۔ انہوں نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا سے قافلے پرامن طریقے سے وفاقی دارالحکومت کی طرف بڑھیں گے، جبکہ پنجاب اور دیگر صوبوں کے کارکنان اسلام آباد آنے کے بجائے اپنے اپنے شہروں کو بند کر کے احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق اس سخت بیانیے اور انتظامیہ کی جوابی کارروائیوں سے آنے والے دنوں میں تصادم کی صورتحال پیدا ہونے کا شدید خطرہ ہے۔