حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
اپوزیشن کا 27 ستمبر کے احتجاج کی تیاریوں کے لیے آل پارٹیز کانفرنس (APC) بلانے کا فیصلہ۔ Home / سیاست /

اپوزیشن کا 27 ستمبر کے احتجاج کی تیاریوں کے لیے آل پارٹیز کانفرنس (APC) بلانے کا فیصلہ۔

ایڈیٹر - 12/09/2026
اپوزیشن کا 27 ستمبر کے احتجاج کی تیاریوں کے لیے آل پارٹیز کانفرنس (APC) بلانے کا فیصلہ۔

اسلام آباد (آن لائن): وفاقی دارالحکومت میں سیاسی درجہ حرارت یکایک بلندیوں کو چھونے لگا ہے جہاں اپوزیشن جماعتوں نے 27 ستمبر کے مجوزہ احتجاج کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لیے آل پارٹیز کانفرنس (APC) منعقد کرنے کا بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ اہم فیصلہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس کے چیمبر میں ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کی۔

اجلاس میں بیرسٹر گوہر خان، بیرسٹر سلمان اکرم راجہ، اسد قیصر، شہرام ترکئی، فردوس شمیم نقوی، حسین اخوندزادہ اور محسن شہریار سمیت اپوزیشن کی چوٹی کی قیادت نے شرکت کی۔ اس موقع پر 27 ستمبر کے احتجاج کے حوالے سے تفصیلی سٹرٹیجی پر مشاورت کی گئی، جبکہ محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس نے تحریکِ انصاف کے رہنماؤں کو ہدایت کی کہ احتجاج کو کامیاب بنانے کے لیے ملک بھر میں بھرپور تیاریاں یقینی بنائی جائیں۔

ذرائع کے مطابق، اجلاس میں وزیراعظم پاکستان کی جانب سے لکھے گئے خط کے بعد وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے دفاتر کے درمیان باضابطہ ملاقات طے کرنے کے حوالے سے بھی مشاورت کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ اپوزیشن قیادت نے ملک کے بگڑتے ہوئے سیاسی و معاشی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اتفاق کیا کہ جلد از جلد تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ کر کے اے پی سی بلائی جائے تاکہ قومی مسائل کا متفقہ حل نکالا جا سکے۔ اس سلسلے میں 15 ستمبر کو 'تحریکِ تحفظِ آئین' کی ایک اہم میٹنگ طلب کر لی گئی ہے، جس میں آل پارٹیز کانفرنس کی تیاریوں کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔