حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
سہیل آفریدی اور علی امین گنڈاپور کے درمیان اختلافات ڈی آئی خان کے ترقیاتی فنڈز میں کمی، فیصل امین گنڈاپور کا دعویٰ Home / سیاست /

سہیل آفریدی اور علی امین گنڈاپور کے درمیان اختلافات ڈی آئی خان کے ترقیاتی فنڈز میں کمی، فیصل امین گنڈاپور کا دعویٰ

ایڈیٹر - 13/09/2026
سہیل آفریدی اور علی امین گنڈاپور کے درمیان  اختلافات  ڈی آئی خان کے ترقیاتی فنڈز میں  کمی، فیصل امین گنڈاپور کا دعویٰ

حسبان میڈیا ( ویب ڈیسک): پا کستان تحریک انصاف میں اندرونی اختلافات کی اطلاعات کے درمیان خیبرپختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے آبائی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز میں نمایاں کمی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔

قومی اسمبلی کے رکن فیصل امین گنڈاپور نے دعویٰ کیا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے جاری کردہ حالیہ ترقیاتی فنڈز میں ڈیرہ اسماعیل خان کو انتہائی کم رقم فراہم کی گئی، جبکہ ضلع میں پہلے سے جاری منصوبوں کے کروڑوں روپے کے واجبات بھی موجود ہیں۔

فیصل امین گنڈاپور کے مطابق صوبائی حکومت کی آخری فنڈ ریلیز مجموعی طور پر 43 ارب روپے پر مشتمل تھی، تاہم اس میں ڈیرہ اسماعیل خان کے لیے صرف 8 کروڑ روپے مختص کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے تحت 50 سے 60 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا کام مکمل ہوچکا ہے، جس کی ادائیگیاں واجبات کی صورت میں باقی ہیں۔ ان کے بقول مالی سال 2026-27 کے لیے ان منصوبوں کے بجٹ میں کوئی رقم مختص نہیں کی گئی اور بجٹ تخصیص صفر رکھی گئی ہے۔

فیصل امین گنڈاپور نے مزید بتایا کہ اے ایس ڈی آئی، ڈیرہ اسماعیل خان کے منصوبے کے لیے بھی رواں مالی سال کوئی بجٹ مختص نہیں کیا گیا، جس کے باعث اس کی بجٹ تخصیص بھی صفر ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے درمیان سیاسی اختلافات اور کشیدگی کی اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے تعلقات میں تناؤ کے باعث پارٹی کے اندر بھی اختلافات زیر بحث ہیں۔