حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز پر حملہ، 1 ہلاک، 3 زخمی؛ کشیدگی مزید بڑھ گئی Home / بین الاقوامی /

آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز پر حملہ، 1 ہلاک، 3 زخمی؛ کشیدگی مزید بڑھ گئی

ایڈیٹر - 13/09/2026
آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز پر حملہ، 1 ہلاک، 3 زخمی؛ کشیدگی مزید بڑھ گئی

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): آبنائے ہرمز میں ایک تجارتی جہاز کو نامعلوم پروجیکٹائل سے نشانہ بنائے جانے کے نتیجے میں 1 شخص جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔ واقعہ ایران کے جزیرے ہینگم اور قشم کے ساحل کے قریب پیش آیا۔

ایرانی حکام کے مطابق تجارتی جہاز کو اتوار کی صبح تقریباً 5 بجے نشانہ بنایا گیا۔ قشم کے گورنر امیر تیموری نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حملے کے محرکات اور اس کے ذمہ دار فریق سے متعلق فوری طور پر کوئی معلومات سامنے نہیں آسکیں۔

برطانوی میری ٹائم ایجنسی کے مطابق بھی ایک تجارتی جہاز کو نامعلوم پروجیکٹائل سے ٹکرانے کی اطلاع موصول ہوئی ہے، تاہم ابتدائی طور پر جہاز کو پہنچنے والے نقصان اور عملے کی مکمل صورتحال واضح نہیں ہوسکی تھی۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ واقعے سے کچھ دیر قبل قشم کے اطراف رات کے وقت متعدد دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئی تھیں، جس کے بعد آبنائے ہرمز میں بحری سلامتی کے حوالے سے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں ایران اور خلیجی ممالک کے درمیان عمان میں اہم بات چیت متوقع ہے۔ ایران اور عمان کے درمیان محفوظ بحری آمدورفت کو یقینی بنانے کے لیے بھی مشاورت جاری ہے، تاہم موجودہ صورتحال میں آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر معمول کے مطابق کھولنے کے امکانات محدود قرار دیے جارہے ہیں۔

آبنائے ہرمز دنیا کے اہم ترین تیل ترسیلی راستوں میں شمار ہوتی ہے۔ خطے میں جاری جنگ اور مسلسل حملوں کے باعث اس راستے سے گزرنے والے تجارتی و تیل بردار جہازوں کی تعداد معمول کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہوگئی ہے، جس سے عالمی توانائی کی ترسیل اور سمندری تجارت پر دباؤ بڑھنے کا خدشہ ہے۔