حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): وزیراعظم ٹاسک فورس برائے بحری اصلاحات کے تحت کراچی پورٹ نے ملکی بحری تجارت میں اپنی اہمیت مزید مستحکم کرتے ہوئے گزشتہ مالی سال کارگو اور کنٹینر ہینڈلنگ کا نیا ریکارڈ قائم کردیا۔
138 سال سے پاکستان کی سمندری تجارت کا اہم مرکز رہنے والی کراچی پورٹ پر گزشتہ مالی سال کارگو ہینڈلنگ 53 ملین ٹن سے بڑھ کر ریکارڈ 55.8 ملین ٹن تک پہنچ گئی، جو بندرگاہ کی تاریخ کی بلند ترین سطح قرار دی جارہی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ریکارڈ کارگو ہینڈلنگ کے ساتھ گزشتہ مالی سال کے دوران کراچی پورٹ پر مجموعی طور پر 2,115 بحری جہازوں کی آمد و رفت بھی ہوئی، جبکہ عالمی سطح پر بعض اہم شپنگ روٹس متاثر ہونے کے باعث بندرگاہ کو ٹرانس شپمنٹ کے شعبے میں نئے تجارتی مواقع میسر آئے۔
خلیجی خطے میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے دوران کراچی پورٹ پر ٹرانس شپمنٹ سرگرمیوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوا، جسے حکام کے مطابق تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایک موقع میں تبدیل کیا گیا۔
پاکستان کی تقریباً 60 فیصد کارگو سرگرمیاں کراچی پورٹ سے منسلک تجارتی نظام پر منحصر ہیں، جس سے ملکی معیشت اور بین الاقوامی تجارت میں بندرگاہ کی مرکزی حیثیت واضح ہوتی ہے۔
بحری اصلاحات کے لیے قائم ٹاسک فورس کے اقدامات اور عالمی کسٹمز ٹرانزٹ نظام کے مؤثر استعمال سے وسطی ایشیا سمیت دیگر ممالک تک پاکستانی کارگو کی ترسیل کو آسان بنانے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔
حکام کے مطابق بندرگاہی کارکردگی میں بہتری، ٹرانس شپمنٹ کے فروغ اور علاقائی تجارتی رابطوں میں اضافے سے پاکستان کو خطے میں ایک اہم تجارتی اور لاجسٹکس مرکز کے طور پر مزید مستحکم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔