حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
’ناکامی کے بعد ایم کیو ایم صوبہ کارڈ کھیل رہی ہے‘، قادر پٹیل کا خالد مقبول صدیقی پر وار Home / سیاست /

’ناکامی کے بعد ایم کیو ایم صوبہ کارڈ کھیل رہی ہے‘، قادر پٹیل کا خالد مقبول صدیقی پر وار

ایڈیٹر - 13/09/2026
’ناکامی کے بعد ایم کیو ایم صوبہ کارڈ کھیل رہی ہے‘، قادر پٹیل کا خالد مقبول صدیقی پر وار

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی قادر پٹیل نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ جماعت عوامی حمایت کھونے کے بعد ایک بار پھر نئے صوبے کا معاملہ اٹھا رہی ہے۔

خالد مقبول صدیقی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے قادر پٹیل نے کہا کہ ایم کیو ایم جب بھی عوامی سطح پر اپنی مقبولیت کھوتی ہے تو تقسیم اور نئے صوبے کے مطالبے کو سیاسی طور پر استعمال کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مصطفیٰ کمال ماضی میں خالد مقبول صدیقی پر سنگین الزامات عائد کرچکے ہیں۔ قادر پٹیل کے مطابق مصطفیٰ کمال نے ایک موقع پر دعویٰ کیا تھا کہ خالد مقبول صدیقی بھارت گئے اور وہاں اپنا پاکستانی پاسپورٹ پھاڑ دیا تھا۔

قادر پٹیل نے خالد مقبول صدیقی سے مطالبہ کیا کہ وہ واضح کریں کہ مصطفیٰ کمال اُس وقت غلط بیانی کررہے تھے یا اب ان کے بیانات درست سمجھے جائیں۔

پیپلز پارٹی رہنما نے مزید کہا کہ نئے صوبے کا مطالبہ کرنے سے پہلے ایم کیو ایم کو ماضی کی سیاست اور کراچی میں ہونے والی مبینہ بدامنی سے متعلق عوام کے سوالات کا جواب دینا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی صنعتوں کو مبینہ طور پر بھتہ خوری اور خوف کی سیاست سے نقصان پہنچا۔

قادر پٹیل نے ایم کیو ایم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جماعت کو ’’مگرمچھ کے آنسو‘‘ بہانے کے بجائے اپنی سیاسی کارکردگی کا حساب دینا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی سندھ کی تقسیم کی ہر کوشش کے خلاف جمہوری اور آئینی جدوجہد جاری رکھے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ خالد مقبول صدیقی جتنی مرتبہ صوبے کا معاملہ سیاسی طور پر اٹھائیں گے، عوام بھی اتنی ہی مرتبہ ان سے سوالات کریں گے۔ قادر پٹیل کے مطابق سندھ، بالخصوص کراچی کے شہری، کسی ایسے سیاسی ایجنڈے کا حصہ نہیں بنیں گے جس سے لسانی بنیادوں پر تقسیم کو تقویت ملے۔