حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے ایران کی امریکا کو 7 شرائط، اہم راستہ بند رکھنے کا اعلان Home / بین الاقوامی /

آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے ایران کی امریکا کو 7 شرائط، اہم راستہ بند رکھنے کا اعلان

ایڈیٹر - 13/09/2026
آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے ایران کی امریکا کو 7 شرائط، اہم راستہ بند رکھنے کا اعلان

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): ایران نے آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت بحال کرنے کے لیے امریکا کے سامنے 7 شرائط رکھ دی ہیں، تاہم تہران نے واضح کیا ہے کہ عمان کے ساتھ پیر کو ہونے والے معاہدے کا مطلب آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھولنا نہیں ہوگا۔

روسی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران نے ثالثوں کے ذریعے امریکا تک اپنی 7 شرائط پہنچائی ہیں، تاہم ان شرائط کی تفصیلات تاحال منظرعام پر نہیں لائی گئیں۔ تہران نے مبینہ طور پر واضح کردیا ہے کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو آبنائے ہرمز کو کھولنے کا فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔

ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق پیر کو مسقط میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوگا، جس میں عراق اور خلیجی ممالک کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔ اجلاس میں شریک ممالک کو نئے بحری راستے اور اس سے متعلق ٹرانزٹ انتظامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق ایران اور عمان کے درمیان طے پانے والے انتظام کے تحت خلیج فارس میں داخلے کا راستہ مکمل طور پر ایرانی سمندری حدود سے گزرے گا، جبکہ خلیج فارس سے باہر نکلنے والا راستہ جزوی طور پر ایرانی پانیوں میں واقع ہوگا۔

ذرائع کے مطابق اس بحری ٹرانزٹ کو ایرانی پروٹوکول کے تحت چلایا جائے گا، جبکہ جنوبی راستہ، جسے امریکا کھولنے پر زور دے رہا ہے، بدستور بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایران کے اس مؤقف کے بعد آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی بحالی اور خطے میں جاری کشیدگی کے حوالے سے مذاکرات کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔