حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پشاور: دیر کالونی اسکول سانحے کے شہداء کے لواحقین میں 2 کروڑ 10 لاکھ روپے کے امدادی چیک تقسیم Home / پاکستان /

پشاور: دیر کالونی اسکول سانحے کے شہداء کے لواحقین میں 2 کروڑ 10 لاکھ روپے کے امدادی چیک تقسیم

ایڈیٹر - 17/10/2026
پشاور: دیر کالونی اسکول سانحے کے شہداء کے لواحقین میں 2 کروڑ 10 لاکھ روپے کے امدادی چیک تقسیم

دیر کالونی اسکول سانحہ: شہداء کے لواحقین میں 2 کروڑ 10 لاکھ روپے کے امدادی چیک تقسیم، زخمی بچوں کی فہرستیں بھی تیار

پشاور (خصوصی رپورٹر، حسبان میڈیا): گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی خصوصی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ پشاور نے دیر کالونی اسکول واقعے کے متاثرین کے زخموں پر مرہم رکھتے ہوئے شہداء کے لواحقین میں خطیر مالی امداد تقسیم کر دی ہے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر آفاق وزیر نے متعلقہ افسران اور ریونیو حکام کے ہمراہ غمزدہ خاندانوں کے ساتھ پورا دن گزارا اور شہید بچوں کے والدین میں مجموعی طور پر 2 کروڑ 10 لاکھ روپے کے امدادی چیک تقسیم کیے۔

تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دیر کالونی واقعے سے متاثرہ خاندانوں کی دلجوئی اور فوری مدد کے لیے اقدامات کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر آفاق وزیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں کا نقصان ناقابلِ تلافی ہے، تاہم حکومت اس مشکل گھڑی میں متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو لواحقین اپنے پیاروں کی تدفین یا آخری رسومات کے لیے دوسرے اضلاع گئے ہوئے ہیں، انہیں پشاور واپسی پر ترجیحی بنیادوں پر امدادی چیک فراہم کیے جائیں گے تاکہ کوئی بھی خاندان اس حق سے محروم نہ رہے۔

دوسری جانب، گورنر خیبرپختونخوا کی سخت ہدایات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ کی خصوصی ٹیمیں اسکول واقعے میں زخمی ہونے والے بچوں کی فہرستوں کی تیز رفتار تصدیق کر رہی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ڈیٹا کی جانچ پڑتال کا عمل آخری مراحل میں ہے تاکہ تمام زخمی بچوں کو بھی ایک دن کے اندر اندر مقررہ سرکاری امداد فراہم کر کے ان کے علاج معالجے میں حائل مالی مشکلات کو دور کیا جا سکے۔