حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پاکستان کی قیمتی معدنیات میں امریکا، چین، کینیڈا کو دلچسپی ہے لیکن کسی مائن کا کوئی بھی ٹھیکہ امریکا کے حوالے نہیں کیا گیا۔ Home / پاکستان /

پاکستان کی قیمتی معدنیات میں امریکا، چین، کینیڈا کو دلچسپی ہے لیکن کسی مائن کا کوئی بھی ٹھیکہ امریکا کے حوالے نہیں کیا گیا۔

ایڈیٹر - 17/10/2026
پاکستان کی قیمتی معدنیات میں امریکا، چین، کینیڈا کو دلچسپی ہے لیکن کسی مائن کا کوئی بھی ٹھیکہ امریکا کے حوالے نہیں کیا گیا۔

معدنیات کا کوئی ٹھیکہ امریکا کو نہیں دیا، خیبرپختونخوا میں گورنر راج آخری آپشن تھا: وزیر دفاع خواجہ آصف

اسلام آباد (سیاسی رپورٹر، حسبان میڈیا): وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کے معدنی وسائل سے متعلق کسی بھی مائن کا کوئی ٹھیکہ امریکا کے حوالے نہیں کیا گیا، اس حوالے سے اب تک صرف ابتدائی بات چیت ہوئی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کینیڈا، چین، آسٹریلیا اور امریکا سمیت پوری دنیا جانتی ہے کہ پاکستان قیمتی معدنیات سے مالا مال ہے اور ان تمام ممالک کو یہاں سرمایہ کاری میں دلچسپی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرونی سرمایہ کاری کے بغیر پاکستان ان معدنیات کو زمین سے نکالنے کی سکت نہیں رکھتا، لہٰذا جس ملک کے ساتھ ہمارے مفادات محفوظ ہوں گے، ہم اس کے ساتھ ضرور کام کریں گے۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ اور خیبرپختونخوا کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے سابق صوبائی حکومت پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ خیبرپختونخوا کی سابقہ حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے وفاق کے ساتھ تعاون نہیں کر رہی تھی اور دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کا علم ہونے کے باوجود کارروائی سے گریز کیا گیا۔ صوبائی حکومت کی اسی خاموشی کی وجہ سے گزشتہ ڈیڑھ سال میں دہشت گردی کی لہر میں اضافہ ہوا اور بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔ خواجہ آصف نے زور دیا کہ اس وقت قومی یکجہتی کی ضرورت ہے اور اب وہاں قائم متحرک سیٹ اپ صوبے کو دہشت گردی سے نجات دلانے کے لیے اپنا موثر کردار ادا کرے گا۔

صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کا دفاع کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ اس اقدام کا منصوبہ پہلے سے تیار نہیں تھا بلکہ تمام آئینی اور سیاسی آپشنز ختم ہونے کے بعد یہ آخری راستہ بچا تھا، کیونکہ "سیدھی انگلیوں سے گھی نہ نکلے تو انگلیاں ٹیڑھی کرنی پڑتی ہیں"۔ انہوں نے مخالفت کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ اس اقدام پر واویلا مچائے ہوئے ہیں، وہ دراصل اس نئے سیٹ اپ میں اپنے لیے کوئی سیاسی کردار چاہتے تھے جو انہیں نہیں مل سکا۔ وزیر دفاع نے مزید انکشاف کیا کہ عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد ن لیگ فوری انتخابات چاہتی تھی مگر بعض اتحادیوں نے ایک سال حکومت چلانے پر اصرار کیا، جس کے نتیجے میں ملک کا سیاسی منظر نامہ یکسر تبدیل ہو گیا۔