حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
دیر کالونی اسکول سانحہ: عمارت پرانی اور تعمیرات ناقص تھیں، ایس ایس پی آپریشنز کی رپورٹ میں اہم انکشافات Home / پاکستان /

دیر کالونی اسکول سانحہ: عمارت پرانی اور تعمیرات ناقص تھیں، ایس ایس پی آپریشنز کی رپورٹ میں اہم انکشافات

ایڈیٹر - 17/10/2026
دیر کالونی اسکول سانحہ: عمارت پرانی اور تعمیرات ناقص تھیں، ایس ایس پی آپریشنز کی رپورٹ میں اہم انکشافات

دیر کالونی اسکول سانحہ: عمارت پرانی اور تعمیرات ناقص تھیں، ایس ایس پی آپریشنز کی رپورٹ میں اہم انکشافات، مقدمہ درج

پشاور (خصوصی رپورٹر، حسبان میڈیا): پشاور کے علاقے دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت گرنے کے دلخراش واقعے کی ابتدائی انویسٹی گیشن رپورٹ تیار کر لی گئی ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز پشاور نے الماناک حادثے کی تفصیلی رپورٹ کیپٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) کو ارسال کر دی ہے، جس میں عمارت کے ڈھانچے اور انتظامی غفلت کے حوالے سے اہم ترین انکشافات کیے گئے ہیں۔

پولیس کی سرکاری رپورٹ کے مطابق، کنٹرول روم کو جمعرات کی صبح 9 بج کر 5 منٹ پر نجی اسکول کی چھت گرنے کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس کی نفری، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ امدادی محکموں کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر طلب کیا گیا۔ رپورٹ میں واضح طور پر نشاندہی کی گئی ہے کہ اسکول کی عمارت انتہائی خستہ حال، پرانی اور غیر معیاری و ناقص مٹیریل کے باعث زمیں بوس ہوئی، جو اتنے بڑے جانی نقصان کی بنیادی وجہ بنی۔

پشاور پولیس کے مطابق، معصوم بچوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے متعلقہ تھانے میں واقعے کا باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چھت گرنے کی تکنیکی وجوہات اور مجرمانہ غفلت کے مرتکب ذمہ داروں کے حتمی تعین کے لیے اعلیٰ سطحی تحقیقات جاری ہیں۔ واضح رہے کہ جمعرات کو پیش آنے والے اس افسوسناک سانحے میں 34 معصوم طلبہ اور ایک خاتون ٹیچر سمیت 35 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جس پر پورے ملک میں فضا سوگوار ہے۔