حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
لندن میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی گاڑی پر حملہ، نقاب پوش افراد نے شیشے توڑ دیے۔ Home / بین الاقوامی /

لندن میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی گاڑی پر حملہ، نقاب پوش افراد نے شیشے توڑ دیے۔

ایڈیٹر - 17/10/2026
لندن میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی گاڑی پر حملہ، نقاب پوش افراد نے شیشے توڑ دیے۔

لندن میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی گاڑی پر حملہ، نقاب پوش افراد نے شیشے توڑ دیے، لندن پولیس کی تحقیقات شروع

لندن (خصوصی بین الاقوامی ، حسبان میڈیا): برطانیہ کے دارالحکومت لندن سے ایک تشویشناک خبر موصول ہوئی ہے جہاں ایوان فیلڈ اپارٹمنٹس کے باہر دو نامعلوم نقاب پوش افراد نے پاکستان کے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف کی گاڑی پر حملہ کر کے اس کے شیشے توڑ دیے ہیں۔ بین الاقوامی نیوز ایجنسی (این این آئی) کے مطابق لندن پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ کا کنٹرول سنبھال لیا ہے اور تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے قریبی نصب سی سی ٹی وی (CCTV) کیمروں کی فوٹیج اپنی تحویل میں لے لی ہے۔ واضح رہے کہ نواز شریف کی گاڑیوں کو نشانہ بنانے کا لندن میں یہ مسلسل تیسرا واقعہ ہے۔

واقعے کے فوراً بعد میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے پشاور میں نجی اسکول کی چھت گرنے کے الماناک سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پشاور کا واقعہ انتہائی دلخراش ہے، انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب میں نجی اسکولوں کی حالتِ زار کو بہتر بنانے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پہلے ہی عملی طور پر کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے سیکیورٹی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے دیرینہ مسئلے کو بخوبی سمجھتا ہے اور موجودہ سیٹ اپ اس کا سنجیدگی سے نوٹس بھی لے رہا ہے۔

گاڑی پر حملے کے بعد اپنی جسمانی سلامتی اور صحت کے حوالے سے تشویش دور کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے میڈیا کو بتایا کہ "اللہ کا شکر ہے، میری طبیعت بالکل ٹھیک ہے اور میں محفوظ ہوں"۔ لندن پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے نقاب پوش ملزمان کی شناخت کا عمل تیزی سے جاری ہے۔