حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ملتان میں 15 سالہ یتیم بچے پر گاڑی چڑھانے والا سفاک ملزم توقیر نذیر مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا! Home / پاکستان /

ملتان میں 15 سالہ یتیم بچے پر گاڑی چڑھانے والا سفاک ملزم توقیر نذیر مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا!

ایڈیٹر - 21/10/2026
 ملتان میں 15 سالہ یتیم بچے پر گاڑی چڑھانے والا سفاک ملزم توقیر نذیر مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا!

ملتان / بہاولپور: ملتان کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں 15 سالہ یتیم بچے کو کار تلے کچل کر قتل کرنے والا مرکزی ملزم توقیر نذیر بہاولپور کے قریب ایک مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ آفیسر کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) عرفان اکبر کے مطابق، یہ واقعہ ناردرن بائی پاس بہاولپور کے قریب اس وقت پیش آیا جب پولیس نے مشکوک حالت میں جا رہے دو موٹرسائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی۔ پولیس کو دیکھتے ہی موٹرسائیکل سواروں نے فرار ہونے کی کوشش کی اور اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے اس تبادلے کے دوران مرکزی ملزم توقیر نذیر اپنے ہی ساتھی کی گولی لگنے سے موقع پر ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کا دوسرا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جس کی گرفتاری کے لیے علاقے میں ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ مقتول 15 سالہ یتیم بچہ وسیم عباس ایک مقامی این جی او کے یتیم خانے میں مقیم تھا، جسے الیکٹریشن کا کام سیکھنے کے لیے ملزم توقیر کے پاس بھیجا گیا تھا۔ مقتول ملزم کے غیر انسانی اور سخت رویے سے تنگ آ کر کام چھوڑ کر جا رہا تھا، جس پر ملزم نے طیش میں آ کر پیر کے روز نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں گاڑی سے کچل کر اسے بیدردی سے قتل کر دیا۔ ملزمان نے ابتدائی طور پر واقعے کو محض ایک سڑک حادثہ ثابت کرنے کی کوشش کی تھی، تاہم مختلف زاویوں سے سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیجز نے اس جھوٹ کا پردہ چاک کر دیا۔ ویڈیوز میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا تھا کہ ملزم نے جان بوجھ کر بھاگتے ہوئے بچے کا تعاقب کیا اور اس پر تیز رفتار کار چڑھا دی۔

واقعے کے بعد پولیس نے ملزم توقیر نذیر کو گرفتار کر کے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا تھا، جہاں عدالت نے اسے 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا تھا۔ عدالت میں پیشی کے موقع پر مشتعل وکلاء نے بھی ملزم کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ بعد ازاں ملزم پولیس حراست سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا، جس کا انجام بہاولپور بائی پاس پر مبینہ مقابلے کی صورت میں ہوا۔ سی پی او ملتان اختر فاروق کا کہنا ہے کہ کیس کے دیگر پہلوؤں اور فرار ملزم کی تلاش کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔